عمان کا بازار جہاں نوجوان کاروبار کے گر سیکھتے ہیں
عمان کا بازار جہاں نوجوان کاروبار کے گر سیکھتے ہیں
ہفتہ 18 مئی 2019 3:00
عمانی خاتون نزوی بازار میں عطر فروخت کررہی ہیں
سلطنت عمان تاریخی قلعوں اور بازاروں کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ سلطنت عمان کا نزوی بازار مسقط سے 164 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ بازار ریاست کے قدیم اور جدید ثقافت و رجحانات کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔
نزوی بازار میں ایک طرح سے پورا شہر بسا ہوا ہے، یہاں نوادرات سے لے کر دستی مصنوعات، زرعی اجناس اور مویشیوں کی بھی خریدو فروخت ہوتی ہے۔ یوں تو سال بھر یہ صارفین اور سیاحوں کی آماجگاہ بنا رہتا ہے تاہم رمضان میں اس کی رونقیں دوبالا ہو جاتی ہیں۔
نہ صرف عمان کے صوبوں اور شہروں سے لوگ یہاں خریداری کے لیے آتے ہیں بلکہ سیاح بھی اس پُرکشش بازار کا رخ کرتے ہیں۔ سیاح زیادہ تر اس بازار سے عمانی زیورات، کڑھائی والے ملبوسات، تانبے و پیتل کے برتن اور مٹی کی مصنوعات خریدتے ہیں۔
نزوی بازارکا ایک حصہ ملبوسات، دوسرا حصہ نوادرات، تیسراحصہ مویشیوں، چوتھا چاندی، سونے، تانبے اور مٹی سے سامان تیار کرکے فروخت کرنیوالوں ہنر مندوں، جبکہ پانچواں حصہ پھلوں، سبزیوں، مٹھائیوں اور خشک میوہ جات کی فروخت کے لیے مخصوص ہے۔
نزوی بازار کی مٹھائیاں بڑی مشہور ہیں، یہاں اولاد نصیر نامی خاندان اپنی تیارکردہ مٹھائیوں کی وجہ سے بہت مقبول ہے۔ جو بھی سیاح یہاں آتا ہے یہ مٹھائیاں ضرور خریدتا ہے۔
اس کے علاوہ نزوی بازار کی کھجور مارکیٹ دور دور تک مشہور ہے۔ یہاں نہ صرف عمان کی عمدہ ترین کھجوریں فروخت کی جاتی ہیں بلکہ خلیج کے تمام ممالک کی بہترین کھجوریں بھی دستیاب ہوتی ہیں۔
اس بازار کا پھلوں اور سبزیوں پرمشتمل حصہ بھی بہت پُر رونق رہتا ہے، لوگ پھل اور سبزیاں لینے کے لیے بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ بازار میں غلہ جات، مصالحے اور کھیتی باڑی کا سامان بھی بکتا ہے۔
یہاں کی خاص بات یہ ہے کہ پرانے تاجر، دکاندار اور ہنر مند نئی نسل کو نہ صرف اپنا ہنر سکھاتے ہیں بلکہ ان کی سرپرستی بھی کرتے ہیں۔ نوجوان ہنر مندوں اور تاجروں کے ساتھ بزرگ بھی یہاں بیٹھے نظر آتے ہیں جو لین دین پر نظر رکھتے ہیں۔
مانا جاتا ہے کہ یہ بازار ہنر مندوں اور تاجروں کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ ملک کے کونے کونے سے درزی، خنجر ساز، سونے چاندی کے زیورات، آرائشی اشیاء اور مٹی کے برتن تیار کرنے والے ہنرمند یہاں اپنی مصنوعات لاتے ہیں۔
نزوی بازار میں جب مویشیوں کا لین دین ہوتا ہے تو کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی۔ عموماً 120 تا 180 عمانی ریال میں بکرا، 300 تا 700 میں ریال میں گائے فروخت ہوتی ہے ۔
اس میں کوئی یشک نہیں کہ یہ بازار قدیم ریاست نزوی اور اس کی تہذیب و تمدن کی یاد تازہ کیے ہوئے ہے۔ اب اس علاقے کو ’الداخلیہ‘ کہا جاتا ہے۔ نزوی صوبے میں بہت سے شہر اور قصبے واقع ہیں۔ اس کا اہم ترین شہر نزوی ہے جو صوبے کا دارالحکومت بھی ہے۔ یہ سلطنت عمان کے دیگر علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔
سلطنت عمان روایت پسند ملک سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایشیا کے مغرب میں واقع ہے۔ رقبے کے لحاظ سے یہ جزیرہ نما عرب کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ تاریخ کے مختلف ادوار میں عمان مختلف ناموں سے پہچانا جاتا رہا ہے۔ اس کے نمایاں ترین ناموں میں مجان، مزون اور عمان نمایا ں ہیں۔