امریکی بیڑے کو غرق کرنے کی صلاحیت ہے،ایرانی دعوی
ایرانی فوج کے اعلی عہدار نے دعوی کیا ہے کہ " ایران اپنے جدید میزائل اور خفیہ اسلحہ کے ذریعے خلیج میں موجود امریکی بیڑے کو غرق کردینے کی صلاحیت رکھتا ہے" ۔ ایرانی میزان نیوز ایجنسی کے حوالے سے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بتایا کہ مشرق وسطی کی صورتحال کے پیش نظر 1500 امریکی فوجی بھیجنے جانے کے اعلان پر ایرانی فوج کے اعلی افسر نے بیان جاری کیا ہے ۔
ایرانی فوج کے مشیر جنرل مرتضی قربانی کاکہنا ہے کہ " امریکہ نے خطے میں اپنے 2بحری بیڑے بھیج کر حماقت کا ثبوت دیا ہے ، ہم ان بیڑوں کو کریو اور اسلحہ اور جہازوں سمیت اپنے جدید ترین خفیہ ہتھیاروں اور میزائلوں کے ذریعے سمندر کی تہہ میں پہنچا دیں گے " ۔ 
واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید 15 سو امریکی فوجی مشرق وسطی میں بھیجے جانے کا اعلان کیا تھا ۔ اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے دورے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔ ’ہم کم تعداد میں فوجی وہاں بھیجنے جا رہے ہیں، حفاظتی دستے میں شامل فوجیوں کی تعداد 15 سو ہوگی۔
ایران پر لگائی جانے والی اقتصادی پابندیوں اور سیاسی دباو کے باعث امریکہ اور ایران کے تعلقات میں کشیدگی بڑھی ہے۔ امریکہ نے ایران کی جانب سے مبینہ حملے کے خطرات سے نمٹنے کے لیے گذشتہ ہفتوں کے دوران خلیج میں اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کیا ہے۔
امریکہ نے اپنا دفاعی میزائل سسٹم پیٹریاٹ اور ایک اور جنگی بحری بیڑا مشرق وسطیٰ کی طرف روانہ کیا تھا۔امریکی فضائیہ نے بی۔52 بمبار طیارے بھی قطر میں واقع اپنی ایئر بیس پہنچا دیے ہیں۔