Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سام سنگ رواں سال فولڈنگ سمارٹ فون لائے گا

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تجارتی تنازع کے وجہ سے دنیا بھر میں موبائل فونز کی ڈیلیوری متاثر ہوگی۔ فوٹو: اے ایف پی
جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان جاری تجارتی تنازع کے باوجود مشہور کورین کمپنی سام سنگ نے رواں برس ستمبر میں فولڈنگ سمارٹ فون متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کمپنی کی طرف سے بدھ کو کیے گئے اس اعلان کے بعد ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تجارتی تنازع کے وجہ سے دنیا بھر میں موبائل فونز کی ڈیلیوری متاثر ہوگی۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں جاپان نے سام سنگ سمیت موبائل اور بجلی کے آلات بنانے والی کئی بڑی جنوبی کورین کمپنیوں کے لیے خام مال کی برآمدات کو محدود کر دیا تھا۔
جاپان نے برآمدات محدود کرنے کا فیصلہ جنوبی کوریا کے ایک عدالتی فیصلے کے بعد کیا تھا۔ اس فیصلے میں عدالت نے جنگ عظیم دوم کے دوران جبری مشقت کروانے والی جاپانی کمپنیوں کو کوریا کے متاثرہ شہریوں کو معاوضہ دینے کا حکم دیا تھا۔


سام سنگ کمپنی گزشتہ آٹھ برس سے فولڈنگ فون بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

برآمدات محدود کرنے کے جاپانی فیصلے کی وجہ سے ٹیکنالوجی کمپنیوں کی سپلائی چین پر اثرات اور مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔
سام سنگ گلیکسی کا فولڈنگ فون بھی ان مصنوعات میں شامل ہے جو جاپان کے اس فیصلے سے متاثر ہوگا کیونکہ اس کا انحصار ان کیمیکل فلمز پر ہے جو سومیٹومو کیمیکل نامی جاپانی کمپنی تیار کرتی ہے۔
یاد رہے کہ سام سنگ نے فولڈنگ فون اس سال اپریل میں متعارف کروانا تھا مگر ابتدائی جائزوں میں سکرین کے مسائل سامنے آنے کے بعد فون کو لانچ کرنے کی تاریخ تبدیل کر دی گئی تھی۔
کمپنی کا دعوی ہے کہ اب سمارٹ فون میں بہتری لائی گئی ہے۔
سام سنگ کمپنی اپنے موبائل فونز کی طلب میں اضافے کی غرض سے تقریباً گزشتہ آٹھ برس سے فولڈنگ سمارٹ فون بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

شیئر: