Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر پر اب ٹویٹس کے ساتھ نیا فیچر ’فلیٹ‘

فلیٹنگ ٹویٹس 24 گھنٹے کے لیے پروفائل فوٹو پر نظر آئیں گی۔ فوٹو ان سپلیش
ٹوئٹر نے کہا ہے کہ فیس بک اور سنیپ چیٹ کی طرز پر ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نئے فیچر سے ٹوئٹر صارفین کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ ٹویٹ چوبیس گھنٹے کے بعد پروفائل سے غائب ہو جائے گی۔
سنیپ چیٹ اور فیس بک کا یہ فیچر صارفین میں بے حد مقبول ہے۔ اس فیچر سے صارفین کو سہولت حاصل ہے کہ اگر وہ چاہیں تو ان کی پوسٹ چوبیس گھنٹے تک اکاؤنٹ پر رہنے کے بعد خود ہی غائب ہو جاتی ہے۔
ٹوئٹر نے اس نئے فیچر کو ’فلیٹ‘ کا نام دیا ہے جس پر برازیل میں تجربہ جاری ہے۔
’فلیٹنگ‘ یعنی عارضی پیغامات ٹوئٹر صارف کی پروفائل فوٹو پر نظر آئیں گے۔
ٹوئٹر کے پروڈکٹ لیڈر کیوان بیکپور کا کہنا ہے کہ فلیٹنگ ٹویٹس صارف کی ٹائم لائن پر نہیں شائع ہوں گی اور نہ ہی ان پر دیگر صارفین تبصرہ یا ’لائیک‘ کر سکیں گے۔ بلکہ صرف ڈائریکٹ میسج کے ذریعے عارضی ٹویٹ پر تبصرہ کیا جا سکے گا۔
کیوان نے کہا کہ فلیٹنگ ٹویٹس سے لوگوں کو اپنے عارضی خیالات شیئر کرنے میں مدد ملے گی جو شاید وہ باقاعدہ ٹویٹ کر کے صارفین کے ساتھ نہ شیئر کرنا چاہتے ہوں۔
کیوان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ برازیل میں اس فیچر پر تجربہ کیا جا رہا ہے جس کی بنیاد پر صارفین کے تاثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ فیس بک نے ایک سال قبل ایسے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا جن سے کمپنی کی پرائیوسی پالیسی مزید مؤثر ہو سکے۔
گزشتہ چند ماہ سے ٹوئٹر وقتاً فوقتاً ایسے فیچر متعارف کروا رہا ہے جن سے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا ہوں، لیکن اس کے باوجود ٹوئٹر دیگر حریف کمپنیوں سے آگے نہیں نکل سکا۔
گزشتہ سال بھی ٹوئٹر کے حصص کی مالیت گر گئی تھی جب کمپنی نے تکنیکی مسئلے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اشتہاروں کو ٹارگٹ کرنے اور ڈیٹا شیئر کرنے میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

شیئر: