منفرد اقامہ رکھنے والے کی موت پر بیوی کاروبار کرسکتی ہے
منفرد اقامہ رکھنے والے کی موت پر بیوی کاروبار کرسکتی ہے
جمعرات 5 مارچ 2020 22:09
منفرد اقامہ منسوخ کردیا گیا ہو تو خاندان کا کوئی فرد اجرا کی درخواست دے سکتا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
سعودی عرب مخصوص شرائط اور ضوابط کے ساتھ غیر ملکیوں کو منفرد اقامہ جاری کررہا ہے۔ یہ کام ایک مرکزکے سپرد کیا گیا ہے جسے منفرد اقامہ مرکز کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے لائحہ عمل میں ترامیم کرکے نئی شقوں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
اخبار 24اور الوطن کے مطابق سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ اگر منفرد اقامہ رکھنے والے کسی غیر ملکی کی موت واقع ہوجائے یا جسمانی یا ذہنی معذوری کے باعث کاروبار کرنے کی اس کی صلاحیت ختم ہوجائے تو ایسی صورت میں اس کی بیوی اپنے خاوند کا کاروبار کرسکتی ہے۔ لائحہ عمل میں نئی ترامیم کے تحت یہ استحقاق دیا گیا ہے۔
منفرد اقامہ لائحہ عمل کی دفعہ 11میں ترمیم کرکے یہ سہولت دی گئی ہے۔ ترمیم کے بعد دفعہ11کا مضمون یہ ہوگیا ہے :
’اگر منفرد اقامہ رکھنے والے کی موت واقع ہوجائے یا جسمانی و ذہنی معذوری کے باعث کاروبار کرنے کی اس کی صلاحیت ختم ہوجائے تو اس کے کاروباری حقوق اور مراعات اس کے خاندان کے کسی ایک فرد کو منتقل ہوجائیں گے‘۔
نئی ترمیم کے تحت یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ اگر مذکورہ صورتوں میں سے کسی ایک صورت میں منفرد اقامہ رکھنے والے کی کوئی بیوی نہ ہو تو ایسی صورت میں منفرد اقامہ مرکز متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے 21برس سے کم عمر کی اس کی اولاد کو منفرد اقامہ رکھنے والے ان کے باپ کے حقوق اور مراعات دلائے گا۔
منفرد اقامہ مرکز نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر منفرد اقامہ منسوخ کردیا گیا ہو یا مخصوص حالات میں اسے ختم کردیا گیاہو تو اس کے خاندان کا کوئی ایک فرد اقامہ مرکز سے منفرد اقامے کے اجرا کی درخواست کرسکتا ہے اور مرکز اس کی درخواست کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا۔
منفرد اقامے کے لائحہ عمل میں چار شقوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کا خلاصہ یہ ہے کہ منفرد اقامہ رکھنے والا اپنی رجسٹریشن کو والدین اور 21 برس سے زیادہ عمرکی اولاد کی رجسٹریشن سے مربوط کرسکتا ہے۔
ایک اور شق کا اضافہ کیا گیا ہے جس کا لب و لباب یہ ہے کہ اگر منفرد اقامہ رکھنے والا مر جائے تو بیوی غیر ملکی سرمایہ کاری قانون کے تحت کاروبار چلا سکتی ہے۔
ایک شق یہ بھی شامل کی گئی ہے کہ منفرد اقامہ رکھنے والے کی وفات کی صورت میں رہائشی ، تجارتی اور صنعتی املاک کی مالک اس کی بیوی بن سکتی ہے۔