27 فروری کے بعد کویت آنے والے غیر ملکیوں کا طبی معائنہ لازمی
جمعرات 12 مارچ 2020 11:45
طبی معائنہ نہ کروانے والے غیر ملکیوں کو بیدخل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ( فوٹو : القبس)
کویتی حکومت نے 27 فروری کے بعد بیرون ملک سے واپس آنے والے تمام غیر ملکیوں کا طبی معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت ذرائع نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ طبی معائنہ نہ کروانے والے غیر ملکیوں کو کویت سے بیدخل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
مقامی اخبار القبس کے مطابق وزارت صحت نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ 27 فروری کے بعد بیرون ملک سے کویت واپس آنے والے تمام غیر ملکیوں کا لازمی طبی معائنہ کیا جائے گا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’غیر ملکیوں کے طبی معائنے سے یہ بات یقینی بنائے جائے گی کہ وہ کرونا وائرس کے حامل نہیں‘۔
دوسری طرف وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’مذکورہ تاریخ کے بعد بیرون ملک سے واپس آنے والے غیر ملکیوں کا ریکارڈ محکمہ پاسپورٹ کے پاس موجود ہے جسے وزارت صحت کے حوالے کیا جائے گا‘۔
وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ’27 فروری کے بعد سے لے کر اب تک دو لاکھ 35 ہزار شہری وغیر ملکی بیرون ملک سے کویت واپس آئیں ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ 65 ہزار غیر ملکی ہیں جن کا طبی معائنہ کیا جائے گا‘۔