Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں نے چیلنج قبول کیا، اب آپ کی باری ہے‘

سماجی دوری میں سوشل میڈیا صارفین نے مشغلے جاری رکھنے کے متبادل ڈھونڈ لیے (فوٹو: ان سپلیش)
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور احتیاطی تدابیر کے تحت پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے شہری اس وقت گھروں تک محدود ہیں۔ 
سماجی دوری اور قرنطینہ کا سلسلہ طویل ہونے پر شہریوں نے اپنے پسندیدہ مشغلوں میں مصروف رہنے کے نئے راستے تلاش کرنا شروع کر دیے۔
پاکستانی کرکٹرز نے نئے مشاغل تلاش کر کے ان کے بارے میں اپنے مداحوں کو آگاہ کیا۔ کرکٹرز نے پش اپ چیلنج کی ویڈیوز بنائیں تو پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیلنج پر مبنی ان وڈیوز کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شائقین تک پہنچایا۔
ادھر پاکستانی شائقین کرکٹ نے ایک قدم آگے بڑھ کر اب تک ٹیسٹ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں پر مشتمل آل ٹائم فیورٹ ٹیمیں تشکیل دے ڈالیں۔

اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں پر مشتمل آل ٹائم فیورٹ ٹیسٹ ٹیم تجویز کرنے والے شائقین میں کچھ کھلاڑیوں کو شامل رکھنے یا کچھ دوسروں کو ٹیم سے ہٹانے کے معاملے پر بھی خوب بحث ہوئی۔

سابق پاکستانی کرکٹر محمد یوسف بھی میدان میں آئے اور اپنے بچوں کے ساتھ گھر کے اندر کرکٹ کھیلنے کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’اولاد اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے، ان کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں، ان کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔‘
پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی جانب سے پش اپ چیلنج پر مبنی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ خود ایکسرسائز کرتے ہیں اور پھر کچھ مزید پاکستانی کھلاڑیوں کے نام لے کر انہیں چیلنج تسلیم کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے چیلنج قبول کرنے میں پہل کی اور پش اپس لگانے کے بعد جس دعوت پر خود عمل کیا تھا وہ کچھ مزید کرکٹرز کی جانب منتقل کر دی۔
سابق پاکستانی کپتان سرفراز احمد بھی چیلنج قبول کر کے پش اپس کرتے دکھائی دیے۔ جب کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی ان کرکٹرز میں شامل رہے جنہوں نے اپنی فٹنس کا ثبوت دینے کے لیے ویڈیو شیئر کی۔
اپنے من پسند مشاغل پر عمل ہر ایک کے لیے ممکن نہیں ہوتا، ایسے میں بہت سے صارفین سماجی دوری کے دوران ’جو دستیاب نہیں اس کے لیے پریشان ہونے کے بجائے جو موجود ہے‘ اس پر قناعت کی تلقین بھی کرتے دکھائی دیے۔

قرنطینہ کے دوران کرکٹرز اور شائقین کرکٹ پہلا گروپ نہیں جنہوں نے نئے معمولات میں اپنے مشغلے کو زندہ رکھنے کا راستہ ڈھونڈا ہو، اس سے قبل کئی دیگر شعبہ جات اور دلچسپیاں رکھنے والے افراد بھی اسی سے ملتی جلتی مصروفیات تلاش کر کے ان پر عمل کرتے آ رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران پاکستان میں موجود غیر ملکی سفارتکاروں کا پش اپ چیلنج اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لوڈو سٹار کھیلنے کے سلسلے بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: