خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثر ہونے والے نجی شعبے کی معاونت کے لیے 9 ارب ریال کا امدادی پیکیج مختص کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سعودی کارکنوں کو 3 ماہ تک سوشل سکیورٹی انشورنس کی جانب سے 9 ہزار ریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق بروز جمعہ 3 اپریل کو ایوان شاہی کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب بھی ’کورونا‘ سے متاثر ہوا ہے۔ موجودہ صورتحال میں جہاں ادارے بند ہیں وہاں اس اندیشے کا بھی سامنا ہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی بے روزگار ہوسکتے ہیں۔ سعودی کارکنوں کو بے روزگاری سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کےتحت ریلیف پیکج جاری کیا گیا ہے جو سوشل سیکیورٹی انشورنس کی مد میں دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
بجلی کنکشن کٹنے پر صارف کے حقوق؟Node ID: 469031
-
غیرملکیوں کی وطن واپسی کے لیے مزید سہولتوں کا فیصلہNode ID: 469186
احکامات میں مزید کہا گیاہے کہ ’نجی سیکٹرکوسعودی کارکنوں کی تنخواہوں کی مد میں سوشل سیکیورٹی انشورنس کے ادارے میں کلیم داخل کرانے کی اجازت ہوگی جہاں سے ہر سعودی کارکن کے لیے ماہانہ 9ہزار ریال کا فنڈ جاری کیا جائے گایہ ادائیگی 3ماہ تک کی جائیگی۔
شاہی احکامات کے حوالے سےوزیر خزانہ اورادارہ سوشل سیکیورٹی انشورنس کے چیئرمین محمد عبداللہ الجدعان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا اوراسے بہترین اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہی فیصلے سے لوگوں کوکافی سہولت میسر آئے گی۔
وزیر خزانہ نے انشورنس کے قواعد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’سوشل سیکیورٹی انشورنس کے قانون کے مطابق شاہی احکامات کے مطابق ایسے ادارے جہاں سعودی کارکنوں کی تعداد 5تک ہے انہیں 100فیصد امداد دی جائے گی جبکہ وہ ادارے جہاں سعودی کارکنوں کی تعداد 5فیصد سے زائد ہے انہیں 70فیصد امدادفراہم کی جائے گی۔قانون کے مطابق آجر کو اس بات کی اجازت نہیں ہوگی کہ وہ ’کورونا ‘ کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات میں جب تک انہیں سوشل سیکیورٹی انشورنس کی جانب سے امداد فراہم کی جارہی ہے کارکن سے کام لے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا’مملکت میں نجی شعبے میں رجسٹرڈ سعودی کارکنوں کی تعداد جو اس امدادی پیکیج سے مستفیض ہوسکے گی 12لاکھ سے زائد ہے۔ امدادی پیکیج کے لیے کلیم کی وصولی اپریل سے ہو گی جبکہ ادائیگی کا آغاز یکم مئی 2020سے کیاجائے گا۔