’پچھلے ایک ہفتے میں کورونا کے بیشتر مریض غیر ملکی‘
جو کیسز سامنے آرہے ہیں ان کی مختلف وجوہ ہیں (فوٹو عکاظ)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ ’گزشتہ پانچ سے سات دنوں کے اندر جن افراد میں کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے ان میں سے 70 سے 80 فیصد غیر ملکی ہیں‘۔
ترجمان صحت نے ہفتے کویومیہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ’ روزانہ کی بنیاد پر جو کیسز سامنے آرہے ہیں انکی مختلف وجوہ ہیں جن میں لوگوں کی جانب سے مقررہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرتے ہوئے سماجی رابطوں کو بحال رکھنا ہے جس کی وجہ سے کورونا وائرس ان میں منتقل ہو جاتا ہے‘۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا ’ ہم پر طرح کے میل جول اور سماجی رابطوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہیں کیونکہ کورونا وائرس بہت تیزی سے دوسروں میں منتقل ہو جاتا ہے جنس،عمر اور شہریت سے قطع نظر محض چیزوں کو چھونے یا ہاتھ لگانےسے بھی یہ وائرس دوسروں میں منتقل ہو نے کی صلاحیت کا حامل ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں رہیں تاکہ محفوظ رہیں۔
ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ ’میری نصیحت ہے کہ گھروں میں رہتے ہوئے آپ خود کو، معاشرے اور اپنےعزیزوں و رشتہ داروں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں‘۔
’اس پر سختی سے عمل کرتے ہوئے گھروں کے دوروازے بند رکھیں تاکہ یہ بند دروازے جلد کھولے جاسکیں‘۔