ٹوئٹر: نامناسب تبصروں سے کیسے بچ سکتے؟
اب آپ ٹوئٹر پر اپنی سیٹنگ تبدیل کر سکتے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
سوشل میڈیا جہاں دوستوں اور رشتہ داروں سے رابطے اور تفریح کا ذریعہ ہے وہیں یہ بعض اوقات پریشانی کا باعث بھی بن جاتا ہے۔ اکثر صارفین کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہراساں کرنے کی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔
بعض اوقات کسی پوسٹ، تصویر یا ویڈیو پر تضحیک آمیز تبصرے بھی کیے جاتے ہیں۔ فیس بک پر پرائیوسی سیٹنگ کے ذریعے کسی پوسٹ کو فرینڈز تک محدود رکھنے کا آپشن موجود ہے مگر ٹوئٹر پر ایسا کوئی فیچر دستیاب نہیں تھا۔
پرائیویسی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ٹوئٹر نے اپنی سائٹ پر بات چیت کا نیا انداز متعارف کرایا ہے جس کے بعد اب ٹوئٹر صارفین کو اس پریشانی سے چھٹکارا مل جائے گا۔
ٹوئٹر نے اپنے اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں آپ جس سے بات کرنا چاہیں صرف اسی کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں۔ اس ویڈیو میں مکمل طریقہ کار بتایا گیا ہے کہ کس طرح اپنی ٹویٹ میں صرف اپنے منتخب کردہ افراد کو مینشن کر کے ان کے ساتھ بات چیت کی جا سکتی ہے۔
پرائیویسی سیٹنگ میں جا کر آپشن میں سے سلیکٹ کیا جا سکتا ہے کہ آپ کس کو اس چیٹ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔ صرف منتخب کردہ افراد ہی اس چیٹ پر اپنا تبصرہ کر سکیں گے جبکہ دیگر صارفین صرف اس چیٹ کو دیکھ اور لائیک کر سکیں گے۔
کچھ صارفین نے اس نئے انداز کو بہترین قرار دیا ہے جبکہ کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں یہ نیا انداز نہیں بھایا۔
میلیسا چن نامی صارف نے لکھا کہ 'اس سے تضحیک آمیز، نسل پرستانہ، خواتین مخالف اور ٹرولنگ پر مبنی تبصروں سے نجات مل جائے گی۔'
ارنولڈی نامی صارف نے لکھا کہ 'جوابات ہی تو ٹوئٹر کو دلچسپ بناتے ہیں۔'
ایک اور صارف کیمرون نے لکھا کہ 'یہ ایک برا آئیڈیا ہے۔ آپ لوگ ہمیشہ اس مسئلے کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو اصل میں ہوتا ہی نہیں۔ میں 'بہتری لانے' اور کچھ نیا متعارف کرانے کی ضرورت کو سمجھتا ہوں لیکن اس سے جعلی خبروں کو فروغ ملے گا کیونکہ کوئی بھی بات چیت میں مداخلت نہیں کرسکے گا۔'