سابق پاکستانی کرکٹر اور تبصرہ نگار رمیز راجا نے سابق سپنر مشتاق احمد کے بیٹے بازل مشتاق کے پہلے گانے اور اس کی ویڈیو سے متعلق ٹویٹ کی تو صارفین نے دل کھول کر تعریف و تنقید پر مبنی تبصرے کیے۔
کسی نے بازل مشتاق کے گانے پر ’مزید بہتر ہو سکتا ہے‘ کا مشورہ دیا تو کوئی نئے گلوکار کی آواز کی تعریف کرتا دکھائی دیا۔
گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارف رمیز راجا کو مخاطب کر کے یہ بھی پوچھتے رہے کہ ’کیا مشتاق خود بھی گلوکار نہیں بننا چاہتے تھے؟‘
رمیز راجا نے اپنی ٹویٹ میں مشتاق احمد کے بیٹے کا نہ صرف ذکر کیا بلکہ ان کی اس کاوش سے دوسروں کو آگاہ کرنے کے لیے یوٹیوب ویڈیو کا لنک بھی شیئر کیا۔ کرکٹ ورلڈ کپ 1992 جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہنے والے رمیز راجا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’آپ میں سے بہت سوں کے لیے وہ ایک صلاحیت رکھنے والے گلوکار ہیں لیکن ہم ساتھی کرکٹرز کے لیے وہ مشتاق احمد کے بیٹے ہیں۔‘
محمد رضوان نامی صارف نے بازل مشتاق کی کارکردگی کی تعریف کی تو ساتھ ہی ان کے والد مشتاق احمد کو مینشن کر کے مبارک باد بھی دی۔
فہد احمد بٹ نے بازل کی کاوش پر انہیں ہندی و بنگالی سمیت متعدد زبانوں میں پرفارم کرنے والے انڈین سنگر سے تشبیہہ دیتے ہوئے ’پاکستانی ارجیت سنگھ‘ کہا تو ساتھ ہی ان کی آواز کو بھی جادوئی قرار دیا۔
گفتگو کا حصہ بننے والے کچھ صارفین نے اپنے والد کے برعکس شعبہ اپنانے پر بازل مشتاق کی گلوکاری سے متعلق ناپسندیدگی کا اظہار کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو رمیز راجا سے پوچھتے رہے کہ ’وہ انہیں کیوں پروموٹ کر رہے ہیں؟‘
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بازل مشتاق کے گانے کی ویڈیو کا لنک شیئر کیا اور اپنے فالوورز کو دعوت دی کہ وہ ڈیبیو گانے کو دیکھیں اور ویڈیو کو شیئر بھی کریں۔
محمد حفیظ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں بازل کے پہلے گانے کی ویڈیو کا لنک شیئر کرتے ہوئے ان کی کامیابی کی توقع ظاہر کی۔
رمیض راجہ سمیت دیگر کرکٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے گانے کو بازل مشتاق کی جانب سے ’خطا‘ کا ٹائٹل دیا گیا ہے۔
یوٹیوب ویڈیو پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے بھی بازل مشتاق کی میوزک کی دنیا میں اولین پیش کش پر تبصروں کی صورت میں اپنا فیڈ بیک دیا۔ اس سے قبل مشتاق احمد کے صاحبزارے سوشل میڈیا پروفائلز پر خود کو اداکار سمیت انفلوئنسر اور ایکسٹرا کے طور پر متعارف کراتے رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں