مصر میں کورونا متاثرین کی تعداد 38 ہزار سے زائد ہو چکی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
مصری حکومت نے نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات میں نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق مصری حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے صوبوں میں جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کم ہے وہاں یکم جولائی سے مساجد اور گرجا گھرکھول دیے جائیں گے-
مصری حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ جون کے آخر تک پارکس اور تفریحی مقامات بند رہیں گے جبکہ سیاحت اور پروازوں پر پابندی یکم جولائی سے اٹھالی جائے گی-
اس پر عمل درآمد مصر کے ایسے علاقوں سے ہوگا جہاں کورونا کے کیسز معمولی تعداد میں ہیں-
مصر کے وزیر مملکت برائے امور ابلاغ اسامہ ہیکل نے بتایا کہ اتوار سے کرفیو میں ایک گھنٹے کی نرمی دی جائے گی- رات 8 بجے سے صبح 4 بجے تک کرفیو رہے گا-
اسامہ ہیکل نے مصری کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی مراکزمزید ایک گھنٹے تک کھلے رہیں گے- ہفتے کے ساتوں دن شام 8 بجے تک دکانیں کھولی جا سکیں گی-
مصری وزیر مملکت نے تاکید کی کہ تمام لوگ سماجی فاصلے، حفاظتی ماسک اور سینیٹائزنگ کی پابندی جاری رکھیں-
ہیکل نے کہا کہ بارہویں کلاس کے امتحانات 21 جون کو ہوں گے-
واضح رہے مصر میں اب تک کورونا وائرس سے 38 ہزار 284 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1342 تک پہنچ چکی ہے-