Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی ایم کو مشاورت کی دعوت، محسن داوڑ کا خیر مقدم

پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ’میں نے پی ٹی ایم کی قیادت کو دعوت دی کہ وہ ٹیبل پر بیٹھیں' (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیر دفاع پرویز خٹک نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنماؤں کو مشاورت کے لیے دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی ایم رہنماؤں سے تمام متنازعے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں اور ہمیں اجتماعی طور پر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ پختون قوم ایک محب وطن قوم ہے اور اپنے ملک کے دفاع میں اپنا خون بہانے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔‘
محسن داوڑ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پی ٹی ایم اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں اور ہم ہمیشہ اس کے لیے تیار ہیں۔ تاہم ماضی میں اس طرح کی کوششوں کے ناکام ہونے کے بارے میں بھی جانتے ہیں۔‘
پرویز خٹک نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ان اضلاع کو صوبے میں ضم کر دیا گیا تھا۔ ان اضلاع کے عوام تعلیم، صحت کی  بنیادی سہولیات اور مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کے سلسلے میں باقی ملک سے پسماندہ تھے۔ 
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان کی ترقی کے لیے سیاسی محاذ آرائی کے بجائے اجتماعی طور پر کام کریں۔
 ’میں نے پی ٹی ایم کی قیادت کو دعوت دی کہ وہ ٹیبل پر بیٹھیں اور اپنے تحفظات بتائیں  تاکہ ان پر تبادلہ خیال کر کے انھیں حل کیا جائے۔‘

’صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاسی عدم استحکام لوگوں کی پریشانیوں میں اصافہ کرے گا‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

 وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے جس میں عوام کو عالمی وبا کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کورونا وائرس نے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ پاکستان کے لوگوں کی زندگیوں کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں خاص طور پر صوبہ خیبر پختونخوا میں سیاسی عدم استحکام لوگوں کی پریشانیوں میں اصافہ کرے گا۔

شیئر: