Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تقریب میں شریک تین خاندان کورونا سے متاثر

خاتون کے اصرار پر فیملی تقریب کا انعقاد کیا گیا (فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایک خاتون کی وجہ سے تین خاندانوں کے افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خاتون کے اصرار پر فیملی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خاتون نے تینوں خاندانوں کے افراد سے مصافحہ کیا اور سعودی رسم کے مطابق گلے ملیں، سب نے ایک ساتھ بیٹھ کر کھانے پینے کا اہتمام کیا۔
وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ اس تقریب کی وجہ سے 9 افراد کورونا  وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ ان میں سے 3 انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیر علاج ہیں جبکہ چھ کو گھر میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔
وزارت صحت نے توجہ دلائی کہ تمام تر آگہی مہم کے باوجود بہت سارے مقامی شہری اور متعدد غیرملکی سماجی فاصلے کی اہمیت کو نظر انداز کررہے ہیں حالانکہ کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے اور دوسروں کو وائرس لگنے سے بچانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے۔
سماجی فاصلہ نہ رکھنے کی وجہ سے خطرناک نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ان دنوں زیادہ تر واقعات سماجی تقریبات، خاندانی ملن کے پروگرام اور تقریبات میں سماجی فاصلہ نہ رکھنے کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔

سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 32 ہزار ہے (فوٹو ٹوئٹر)

واضح رہے کہ پیر کو وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید چار ہزار 507 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں کووڈ 19 کے مجموعی مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 48 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس وبائی مرض سے مجموعی ہلاکتیں بڑھ کر ایک ہزار 11 ہو گئی ہیں۔

شیئر: