امارات: سرکاری ملازمین کی سو فیصد واپسی
’صرف مستقل بیماریوں میں مبتلا ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی اجازت ہے‘ ( فوٹو: الاقتصادیہ)
متحدہ عرب امارات میں اتوار سے سو فیصد سرکاری ملازمین دفاتر سے ڈیوٹی انجام دیں گے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام) کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے انسانی وسائل نے کہا ہے کہ ’طے شدہ منصوبے کے مطابق 5 جولائی سے دفاتر سے ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کی شرح سو فیصد کی جائے گی‘۔
’مذکورہ تاریخ کے بعد ان ملازمین کا استثنی ختم ہوجائے گا جنہیں پہلے مرحلوں میں گھروں سے کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’صرف ایک استثنی باقی ہے اور وہ ان ملازمین کے لیے جو مستقل بیماریوں کا شکار ہیں بشرطیکہ وہ متعلقہ طبی ادارے سے تازہ اور تفصیلی رپورٹ لے آئیں‘۔
’سرکاری دفاتر میں ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی شرح سو فیصد کرنے سے امارات کو ان ممالک میں شامل کیا جارہا ہے جو کورونا کے بعد محفوظ واپسی کے ساتھ معمولات زندگی بحال کر رہے ہیں‘۔
اتھارٹی نے دفاتر واپس آنے والے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ ضابطوں کی پابندی کریں گے، حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے‘۔