Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وہ جانتی ہے اس شخص جیسا کوئی نہیں‘

باپ اور بیٹی کا انمول تعلق بیان کرنے کے لیے الفاظ کم لگتے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
والدین اور بیٹیوں کے انمول تعلق کو ہر دور میں مختلف لوگ مختلف انداز میں بیان کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ اس مرتبہ پاکستان میں ٹوئٹر کی ٹائم لائنز نے اس معاملے کا تذکرہ کیا تو محبت و عقیدت کے خوبصورت رنگ بکھیر ڈالے۔
ٹوئٹر کے صارفین نے بیٹی اور والد کے رشتے کا ایک حسین پہلو بیان کرتی ہوئی ایک ویڈیو دیکھی تو تبصروں کی کثرت سے واضح تھا کہ ناظرین خود کو اپنے جذبات کو اظہار کرنے سے روک نہ سکے۔
انعم حمید نامی ٹوئٹر صارف نے 15 سیکنڈز کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا، جس میں ایک باریش شخص دھوپ میں اس حال میں گھاس کاٹ رہے ہیں کہ وہ پسینے میں بھیگے ہوئے ہیں۔ قریب ہی موجود ایک کم سن بچی اپنے ہاتھ میں موجود کسی چیز سے انہیں ہوا فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مذکورہ فرد گھاس کاٹنے کے لیے بیٹھتے ہیں تو کم عمر بچی ان کے سامنے بنی منڈیر پر بیٹھ کر پنکھا جھلنے کا کام جاری رکھتی ہے۔
ویڈیو پر تبصرہ کرنے والی ایک صارف نے ’بیٹیاں ایسی ہوتی ہیں‘ کے اسباب کا ذکر کیا تو لکھا ’کیونکہ وہ جانتی ہے کہ اس شخص جیسا دنیا میں اور کوئی نہیں ہے‘۔

محمد راحیل معاویہ نامی صارف گفتگو کا حصہ بنے تو باپ اور بیٹی کے رشتے کی انفرادیت کو موضوع بنایا۔ انہوں نے لکھا ’بیٹیوں کو باپ اور باپ کو بیٹیوں سے عجب الفت ہوتی ہے‘۔

بیٹیاں ہونے نہ ہونے کا ذکر ہوا تو کسی نے اپنی بیٹیوں کی تعداد بتا کر ان سے اپنے تعلق کی خوبصورتی بیان کی تو کوئی بیٹیوں سے محروم فرد کے نصیب و بدنصیبی کا تذکرہ کرتا رہا۔
کے بی صفدر نامی صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا ’کیا ہی عظیم تخلیق ہے اللہ کی، بیٹی، پھر بیوی پھر ماں اور جنت قدموں تلے‘۔

ضیا کشمیری نامی صارف نے ویڈیو کا تذکرہ کیا تو اپنے بچپن کی یاد تازہ کرتے ہوئے لکھا ’بچپن میں جب ابو چارہ کاٹنے جاتے تو میں بالکل ایسا ہی کرتا تھا‘۔

حسین چودھری نے ویڈیو پر تبصروں کا رنگ دیکھا اور بیٹیوں کا تذکرہ غالب پایا تو لکھا ’ماشااللہ وہ پیچھے دیکھ لیں، بیٹا بھی باپ کی طرح کام کر رہا ہے۔ بیٹے کی بھی تعریف کر دیں‘۔

خوبصورت و انمول جذبے کو دکھاتی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والوں کی خاصی بڑی تعداد باپ اور بیٹی کے رشتے سمیت بیٹیوں کی زندگی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی رہی۔
پاکستان کے وفاقی ادارہ برائے شماریات کے مطابق 2017 میں پاکستان کی کل 20 کروڑ 77 لاکھ سے زائد آبادی میں خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ سے زائد تھی جو کل آبادی کا 48 اعشاریہ 76 فیصد بنتی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: