دنیا: کورونا کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد مریض، 6 لاکھ 23 ہزار ہلاکتیں
دنیا: کورونا کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد مریض، 6 لاکھ 23 ہزار ہلاکتیں
جمعرات 23 جولائی 2020 12:21
امریکہ میں کورونا سے ایک لاکھ 43 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 6 لاکھ 23 ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
لاطینی امریکہ اور جزائر کیریبین میں کورونا وائرس کے کیسز چالیس لاکھ سے بڑھ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ جہاں دنیا کے ایک چوتھائی کیسز ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وبا کی صورت حال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ 43 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور روزانہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لاک ڈاؤن کے ناقد رہے ہیں، انہوں نے امریکہ میں اموات کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود ملک میں معاشی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے زور بھی دیا۔
دنیا کے دیگر حصوں سے یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے سے وائرس تیزی سے دوبارہ پھیلتا ہے۔
آسٹریلیا، ہانگ کانگ اور جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو نے شروع میں کورونا وائرس کی وبا پر کامیابی سے قابو پانے کے لیے سخت پابندیوں کا استعمال کیا لیکن اب ان کو کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سامنا ہے۔
بدھ کو آسٹریلیا اور ہانگ کانگ نے کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم کیا جبکہ ٹوکیو کے گورنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والی تعطیلات کے دوران گھروں میں رہیں کیونکہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 22 لاکھ سے زیادہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بیلجیئم کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگ سماجی فاصلے کے اصولوں کا خیال رکھیں۔
جنوبی افریقہ میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 572 افراد کی ہلاکتوں کے باوجود الکوحل کی فروخت پر پابندی اور کرفیو کے نفاذ پر غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
برازیل جو امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، میں لاطینی امریکہ کے آدھے سے زیادہ کیسز رجسٹر ہوئے ہیں۔
برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 22 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ 82 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آیا ہے۔ سات جولائی کو ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
بدھ کو برازیل میں روزانہ کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور 68 ہزار کے قریب افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔
کورونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے عالمی تجارت کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے۔
مختلف کمپنیاں کورونا ویکیسین کی تیاری میں مصروف ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
رواں ہفتے کے شروع میں یورپی یونین نے کورونا وائرس سے سخت متاثر اپنے ممبر ممالک کے لیے غیر معمولی 750 ارب یورو کے امدادی پیکج کی منظوری دی۔
سفری پابندیوں اور مسافروں کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے ایئرلائن کی انڈسٹری کو اب بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
معمولات زندگی کی دوبارہ بحالی کے لیے کورونا وائرس کے انسداد کی ویکسین کی تیاری ضروری ہے۔
کورونا وائرس کے علاج کے لیے مختلف ادویات پر تجربات ہو رہے ہیں۔
امریکہ جہاں گذشتہ ایک دن میں کورونا وائرس کے 63 ہزار سے زیادہ کیسز آئے ہیں، نے جرمن کمپنی بائیو این ٹیک اور امریکی کمپنی فائزر کے ساتھ ایک ممکنہ ویکسین کی سو ملین خوراکیں تیار کرنے کے لیے دو ارب ڈالر سے زیادہ رقم ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
فارماسوٹیکل کمپنی آسٹرا زینیکا نے کہا ہے کہ سال آخر تک وہ اس قابل ہو جائیں گے کہ ویکسین تیار کر لیں۔