Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہر سانس کی عزت اور قدر کرنا شروع کریں‘

ماہرہ خان نے سانس لینے کی اہمیت پر ایک گہرا پیغام شیئر کیا ہے۔ (فوٹو: فیس بک)
زندہ رہنے کے لیے غذا اور پانی سے زیادہ اگر کچھ اہم ہے تو وہ سانس لینا ہے۔ تازہ ہوا میں سانس لینا اور زندہ ہونے کے احساس کو محسوس کرنا ایک نعمت ہے۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر زندگی کی ہر سانس کی اہمیت سے متعلق ایک  پیغام شیئر کیا ہے جسے اُن کے چاہنے والے پسند کر رہے ہیں۔
ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک آدھے چہرے کی تصویر شیئر کی ہے، وہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ماہرہ خان نے زندگی سے متعلق بہت گہرا پیغام بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے ہر سانس کی قدر اور اس کی اہمیت کی بات کی ہے ۔
ماہرہ خان کا اپنی انسٹا پوسٹ میں کہنا ہے کہ ’جب اُنہیں پہلی بار اپنی ہر سانس کا خیال رکھنے کا کہا گیا تھا تو اُنہیں یہ بات مکمل طور پر سمجھ نہیں آئی تھی اُن کے خیال میں اب اُنہیں اس بات کی سمجھ آ گئی ہے۔

ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب آپ ہر بار سانس لیتے ہیں تو اپنی زندگی کو محسوس کرتے ہیں، آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ زندہ ہیں، جب آپ سانس اندر کھینچتے ہیں تو محسوس کرتے ہیں کہ آپ زندہ ہیں، جب آپ اپنی سانس باہر نکالتے ہیں تو محسوس کرتے ہیں کہ آپ زندہ ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’ذرا تصور کریں کہ آپ ہر لمحے زندہ رہنے کے بارے میں آگاہ ہوں، اگر ہم اس بات کو مان لیں تو ہم اپنی زندگی سے محبت کرنا شروع کر دیں گے اور زندگی جینے کا طریقے بھی بدل لیں گے۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ زندگی کا احساس ہونے سے ’ہم ایک دوسرے کا خیال رکھنا شروع کر دیں گے، اپنے لفظوں کا چناؤ احتیاط سے کریں گے، اپنی زندگی کی اور اپنی ہر سانس کی عزت اور قدر کرنا شروع کر دیں گے۔
اس معنی خیز پیغام کے آخر میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’وہ خود بھی ابھی اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔

شیئر: