Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یہ پوسٹرز پیپلز پارٹی کے ہیں یا ن لیگ کے؟

اپوزیشن کے 11 جماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت ہٹاؤ تحریک کا دوسرا جلسہ آج شام کراچی میں منعقد ہو رہا ہے جس کی مناسبت سے جلسہ گاہ کے راستوں پر استقبالی پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں، جن میں سب سے منفرد پیپلز پارٹی کے نام اور پرچم والے وہ پوسٹرز ہیں جن پر شریف خاندان کی تصویریں ہیں۔
حالیہ جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا منفرد موقع ہے کہ جب ماضی میں سیاسی حریف رہنے والی جماعتیں آپس میں بغل گیر ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف بیانات جاری کرتی رہی ہیں، مگر موجودہ سیاسی منظرنامے میں وہ ایک دوسرے کا استقبال کر رہی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے جلسہ گاہ باغِ جناح آنے والی شہر کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں سے آنے والے سیاسی رہنماؤں کے استقبال کے لیے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
شارع فیصل پر سب سے منفرد وہ پوسٹرز ہیں جن پر نام اور جھنڈا تو پیپلز پارٹی کا پہلے لیکن تصاویر نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف کی ہیں۔ اس حوالے سے جب پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی سے رابطہ کیا گیا تو ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ماضی کی تلخیاں بھلا کر عوام کے وسیع تر مفاد میں مہنگائی اور بے روزگاری کو ختم کرنے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف متحد ہوئی ہے۔
سعید غنی کی جانب سے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنے منشور اور نظریے کے حوالے سے مختلف جماعتیں ہیں اور یہ نظریاتی اختلاف ختم نہیں ہوا، البتہ موجودہ سیاسی صورت حال میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف تمام 11 جماعتیں اس ایک نقطے پر متحد ہوئی ہیں۔ 

پیپلز پارٹی کی جانب سے مریم نواز کے پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

پیپلز پارٹی کے جھنڈے والے شریف خاندان کے بینرز کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اس جلسے کی میزبان ہے، اور یہ سندھ کے عوام کی روایت ہے کہ وہ اپنے مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں، ان کی خوب عزت اور تکریم کرتے ہیں۔ ن لیگ کے رہنما بھی آج ہمارے مہمان ہیں لہٰذا ہم ان کے استقبال میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے لیڈر ان پوسٹرز کو بنیاد بنا کر اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے شہباز شریف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‏’یہ اچھا ہے۔ کراچی کی سڑکوں پر گھسیٹنا تھا مگر خود سڑک پر ان کے بینرز لگ گئے، پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے ساتھ عمران عمران خان نے آج سے برسوں پہلے کہا تھا کہ یہ سب عمران خان کے خلاف اکٹھے ہو جائیں گے۔‘

 

باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: