شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ بہتے ہوئے پانی میں گاڑی کے ذریعے ہرگز مت گزریں (فوٹو: فری پکس)
سعودی عرب کی سول ڈیفنس اتھارٹی نے شہریوں کے جانی و مالی نقصان کے پیش نظر حفاطت کے لیے تیز بارش کے دوران 6 ہدایات پر عمل کرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی نے شہریوں کو بارش کے بہتے پانی میں گزرنے یا بیٹھنے سے منع کیا ہے۔
اسی طرح جمع شدہ پانی کے قریب جانے یا اسے عبور کی کوشش کرنے سے بھی منع کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شہری ہر ممکن صاف اور پکے راستوں کا انتخاب کریں۔
اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ بہتے ہوئے پانی میں گاڑی کے ذریعے ہرگز مت گزریں کیونکہ پانی کی سطح میں اضافہ یا بہاؤ میں تیزی آسکتی ہے جس کی وجہ سے گاڑی پر کنٹرول نہیں رہتا۔
اسی طرح بعض اوقات پانی کی وجہ سے پل غائب ہو جاتے ہیں اور نظر نہیں آتے، شہریوں کو بچوں کی حفاظت کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔ بچوں کو زیادہ پانی کے قریب کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔