Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ سے متعلق دھمکی آمیز ٹویٹ پر خامنہ ای کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

ایرانی سپریم لیڈر نے ٹوئٹر میں اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ جنرل سلیمانی کی قتل کا بدلہ لیا جائے گا (فوٹو: عرب نیوز)
ٹوئٹر نے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دھمکی آمیز ٹویٹ کرنے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق ٹوئٹر نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔ تاہم ایک اور اکاؤنٹ جو ایرانی رہنما سے منسوب ہے، ابھی تک ایکٹو ہے۔ اس کاؤنٹ پر ان کے آٹھ لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں۔
خامنہ ای کے اکاؤنٹ سے ایک تصویر ٹویٹ کی گئی تھی جس میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشابہ ایک شخص کو دکھایا گیا تھا جس میں وہ گالف کھیل رہا ہے اور اس پر ڈرون کا سایہ ہے۔
خامنہ ای کی پوسٹ پر درج تھا کہ ’بدلہ ناگزیر ہے۔‘
اس پوسٹ میں انہوں نے عراق میں گذشتہ برس ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے عزم کی تجدید کی۔
ایران کے سپریم لیڈر نے 16 دسمبر کو ٹویٹ کیا تھا کہ ’جنہوں نے جنرل سلیمانی کے قتل کا حکم دیا اور جنہوں نے اس پر عمل کیا، ان کو سزا ہونی چاہیے۔ یہ بدلہ صحیح وقت پر لیا جائے گا۔‘

رواں مہینے کے آغاز میں ٹوئٹر نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا ایک ٹوئیٹ ہٹا دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کے بنائے گئے ویکسین ناقابل اعتبار ہیں۔

شیئر: