النبطیہ میں صحافی لقمان سالم کی لاش ان کی گاڑی سے ملی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
لبنان کے النبطیہ شہر میں حزب اللہ کے مخالف صحافی اور کارکن لقمان سالم کی لاش ان کی گاڑی سے ملی ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق اس سے قبل لبنانی سیکیورٹی فورسز کو ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لقمان سالم گذشتہ روز بدھ کی صبح 8 بجے کے بعد سے لاپتہ تھے جب کہ وہ جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں اپنے دوست کے گھر جانے کے ارادے سے نکلے تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید بتایا گیا ہےکہ سالم کے اہل خانہ نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جب دوسری جانب سے کال موصول نہیں ہو رہی تھی اور ان کی گاڑی کا کوئی سراغ نہیں ملا تو انہوں نے مجبور ہو کر اسپتالوں اور پولیس اسٹیشنوں سے پوچھنا شروع کردیا جس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
حزب اللہ تحریک سے جڑے افراد نے اس صحافی کے بارے میں کہا ہےکہ اس واقع سے اغوا کی واردات کا بھی اشارہ ملتا ہے۔
ان کے خاندان کے افراد نے تمام دوستوں سے رابطے کیے لیکن کوئی بھی ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دے رہا تھا۔
اس کے بعد صحافی کی بہن راشا سالم نے اپنے فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹس پر اپنے بھائی سے رابطہ نہ ہونے کی خبر شائع کی۔
انہوں نے جمعرات کو صبح سویرے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی لکھا تھا کہ کل سے اس کے بھائی نے اس کے فون کا جواب نہیں دیا تا ہم سیکیورٹی ایجنسیاں مزید تحقیق کر رہی ہیں۔