ویکسین کے دو انجیکشن لگوانے پر صارف ’محفوظ‘ کیٹگری میں ہو گا
’دونوں انجیکشن لگوانے کے بعد ایپ میں صارف کو ’محفوظ‘ کیٹگری میں شامل کیاجائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
توکلنا ایپ انتظامیہ نے کہا ہے کہ جو لوگ کورونا ویکسین کے دونوں انجیکشن لگوالیں گے انہیں ایپ میں ’محفوظ‘ کیٹگری میں دکھایا جائے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق توکلنا ایپ سے ایک شخص نے سوال کیا ہے کہ اس نے پہلا انجیکشن لگوا لیا ہے مگر ابھی تک ایپ میں اسے ’محفوظ‘ کیٹگری میں شامل نہیں کیا گیا، اس کی آخر کیا وجہ ہے؟۔
ایپ انتظامیہ نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دونوں انجیکشن لگوانے کے بعد ایپ میں صارف کو ’محفوظ‘ کیٹگری میں شامل کیاجائے گا‘۔
واضح رہے کہ توکلنا ایپ میں صارفین کی مختلف کیٹگریاں ہیں، جن لوگوں کو کورونا وائرس نہیں ہوا انہیں گرین کیٹگری میں رکھا گیا ہے جبکہ ویکسین کا کورس مکمل کرنے والوں کو ’محفوظ‘ کیٹگری میں شامل کیا جاتا ہے جس کا رنگ گہرا سبز ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ صارف ویکسین لگوا کر وائرس سے محفوظ ہو گیا ہے۔