وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع اور پیش آنے والی مشکلات
وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع اور پیش آنے والی مشکلات
ہفتہ 6 مارچ 2021 5:34
ابشر کی سروس ’رسائل والطلبات‘ پر مسئلہ درج کرا سکتے ہیں ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیرملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں، ان سے بھی آگاہی ضروری ہے۔
ایک شخص کی جانب سے جوازات کے ٹوئٹرپر دریافت کیا گیا ہے کہ خروج وعودہ پر جانے کے لیے کورونا ویکسین لگوانا ضروری ہے؟
جوازات کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ’خروج وعودہ یا خروج نہائی (فائنل ایگزٹ) پر جانے والوں کے لیے لازمی ہے کہ ان کے پاس کارآمد سفری ویزا ’خروج وعودہ یا نہائی ‘ علاوہ ازیں فضائی خدمات فراہم کرنے والی کسی بھی کمپنی کی کنفرم بکنگ ہونا چاہیے۔
یاد رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں کے لیے عارضی طور پر یک طرفہ سفری پابندی عائد کی گئی ہے۔
جن ممالک پر کورونا کی وجہ سے پابندی عائد ہے، ان ممالک کے افراد جو مملکت میں مقیم ہیں، انہیں مملکت سے جانے کی اجازت ہے۔
مملکت میں سفر کی غرض سے کسی بھی ہوائی اڈے پر جانے والوں کےلیے ’توکلنا‘ ایپ لازمی ہے۔
جوازات کے پورٹل ’ابشر‘ پر ایک شخص کی جانب سے پوچھا گیا کہ ’ایسا گھریلو ملازم جس کا اقامہ جاری نہیں کرایا گیا، اس کی کفالت تبدیل کی جا سکتی ہے؟‘
محکمے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’گھریلو کارکن کی کفالت تبدیلی کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ جاری کرایا جائے، جس کے بعد ہی کفالت کی تبدیلی کا مراحلہ مکمل کیا جا سکتا ہے۔ اقامہ جاری کرانے سے قبل کفالت کی تبدیلی کا مرحلہ مکمل نہیں کیا جا سکتا۔
وزٹ ویزے پر مملکت میں موجود افراد کے ویزے کی مدت میں توسیع کے بارے میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے جوازات کے ’ابشر‘ پورٹل پر کہا گیا ہے کہ اگر کسی کو ابشر کے ذریعے وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کرانے میں کسی قسم کی مشکل صورت حال کا سامنا ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ ابشر کی سروس ’رسائل والطلبات‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے وہاں اپنا مسئلہ درج کرائیں۔
یاد رہے ابشر کی سروس ’رسائل والطلبات ‘ کورونا کرفیو اور لاک ڈاؤن کے دوران کافی فعال رہی تھی، کیونکہ مملکت میں کرفیو کی وجہ سے لوگ جوازات کے دفتر نہیں جا سکتے تھے۔ اس لیے جوازات کی جانب سے لوگوں کو ان کے گھروں پر ہی یہ سہولت فراہم کی گئی تھی کہ وہ ایسے سرکاری معاملات، جن کی انجام دہی کے لیے دفتر آنا ضروری ہوتا ہے، ان کو وہ اپنے ابشر اکاونٹ کے ذریعے انجام دے سکیں۔
بعض معاملات ابشر کے خودکار سسٹم سے انجام نہیں دیے جا سکتے اور ان کے لیے انسانی مداخلت ضروری ہوتی ہے، اس لیے ابشر پورٹل پر ’رسائل والطلبات‘ کی سروس شروع کی گئی تاکہ لوگوں کے مسائل جلد از جلد حل کیا جائے۔