Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے پر آنے والے ابشر اکاؤنٹ کیسے بنائیں؟

بینکوں میں بھی ابشر پورٹل کی سہولت فراہم کی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہے ان سے آگاہی ضروری ہے۔ 
ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے ابشر پورٹل میں اکاؤنٹ بنانے کا کیا طریقہ ہے کیونکہ ابشر مشین میں اقامہ نمبر درج کرنا ہوتا ہے جس کا آغاز نمبرایک یا دو سے ہوتا ہے جبکہ وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے جو امیگریشن سیریل نمبر دیا گیا ہے اس کا آغاز نمبر چار سے ہو رہا ہے۔ 
 جوازات کے ٹوئٹر پر بتایا گیا ہے کہ’جوازات نے ابشر پورٹل پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے بھی سہولت جاری کی ہے جس کے لیے کسی بھی شہر میں قائم جوازات کے ذیلی دفتر سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔‘
علاوہ ازیں ’سلیف سروس‘ کی مشینوں میں بھی اس سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ بینکوں میں بھی ابشر پورٹل کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 
جوازات کا مزید کہنا تھا کہ ’بنانے میں اگر کسی قسم کی دشواری کا سامنا ہو تو ابشر کے سینٹرل ٹیلی فون نمبر920020405 پر رابطہ کر کے اپنا مسئلہ بیان کیا جاسکتا ہے۔‘
کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر گزشتہ برس حکومت سعودی عرب کی جانب سے غیر ملکیوں کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں خود کارطریقے سے توسیع کی گئی تھی بعدازاں حکومت نے یہ سہولت ابشر اور مقیم سروس کے ذریعے فراہم کر دی جس میں مطلوبہ مدت کی فیس ادا کرنے کے بعد سروس حاصل کی جا سکتی ہے۔ 

 خروج وعودہ کی توسیع کےلیے ’ابشر‘ اور ’مقیم ‘ پورٹل پر سہولت ہے(فوٹو: ایس پی اے)

اعظم خان نے پوچھا ہے کہ ’17 فروری کو خروج وعودہ کی مدت ختم ہو رہی ہے جبکہ فلا ئٹس بھی بند ہیں۔ خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کس طرح ہو گی؟ 
واضح رہے سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات ‘ کی جانب سے بیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے لیے خصوصی طور پر ’ابشر‘ اور ’مقیم ‘ پورٹل پر سہولت فراہم کی گئی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ مدت کے لیے اقامہ یا خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرائی جا سکتی ہے۔ 
 جوازات کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ان کے اداروں یا سپانسر کے ابشر اکاؤنٹ یا مقیم پورٹل سے کی جاسکتی ہے تاہم اس کے لیے لازمی ہے کہ توسیع کرنے سے قبل مطلوبہ مدت کی فیس ادا کی جائے بعدازاں توسیع کی کمانڈ دی جائے تاکہ کارروائی مکمل ہو سکے۔ 
یاد رہے سعودی عرب میں کورونا کی دوسری لہر کے باعث پاکستان سمیت 20 ممالک سے مسافروں کی آمد عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔  
جوازات کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اس بارے میں سرکاری اعلان ہو گا سرکاری سطح پر اطلاع  دی جائے گی۔ 

شیئر: