غیر ملکی جوازات کی ویڈیو کالنگ سروس سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟
غیر ملکی جوازات کی ویڈیو کالنگ سروس سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟
منگل 23 مارچ 2021 18:03
خدمات کا معیار بہتر بنانے کےلیے سروس متعارف کرائی گئی ہے۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے پھر کہا ہے کہ وہ مملکت کے تمام علاقوں میں محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سے ویڈیو کالنگ سروس سے استفادہ کریں۔
سیدتی میگزین کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر کہا کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں کے پاسپورٹ دفاتر میں ڈائریکٹر جنرل سے وڈیو کال کی سہولت مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے خدمات کا معیار بہتر بنانے کی غرض سے متعارف کرائی گئی ہے۔
وڈیو کالنگ سروس کا مقصد سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کو سفر کی زحمت سے بچانا بھی ہے۔
کبھی کبھارمسائل کے حل کے لیے مقامی شہریوں یا مقیم غیرملکیوں کو محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کے لیے سفر ناگزیر سمجھا جاتا ہے۔
بعض اپنی فائل کی پیروی یا محکمے کے عہدیدار سے ملاقات، شکایت، اعتراضات یا تجاویز پیش کرنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل سے ملنا چاہتے ہیں۔ اس سے انہیں سفر کی زحمت ہوتی ہے، وقت بھی ضائع ہوتا ہے اور پیسے بھی خرچ ہوتے ہیں۔ وڈیو کالنگ سروس استعمال کرکے ان نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔
وڈیو کالنگ سروس کا ایک ہدف الیکٹرانک وسائل کے ذریعے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کو محکمہ پاسپورٹ سے کام کرانے میں سہولت پیدا کرنا ہے۔
سعودی شہری اور مقیم غیرملکی ان دنوں پندرہ برس یا اس سے کم عمر کے لڑکوں کے لیے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید، اقامے کی تجدید و اجرا، بیرون مملکت سے خروج و عودہ ویزے میں توسیع، آزمائشی مرحلے کے دوران فائنل ایگزٹ ویزے کے اجرا سمیت متعدد کام آن لائن کرا رہے ہیں۔
ان تمام امور میں پیش آنے والے مسائل وڈیو کالنگ کے ذریعے حل کرائے جاسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ وڈیو کالنگ کی سہولت سے قبل محکمہ پاسپورٹ ای میل [email protected] ویب سائٹ www.gdp.gov.sa اور سوشل میڈیا کی سائٹ AljawazatKSA@ اور مشترکہ رابطہ نمبر 992 پہلے سے مہیا ہیں۔
ان کے ذریعے محکمہ پاسپورٹ سے استفسارات بھی کیے جاتے ہیں اور جواب بھی حاصل کیے جاتے ہیں جبکہ محکمہ پاسپورٹ کی سہولتوں کے بارے میں تجاویز اور اعتراضات بھی ان پر بھیجے جاتے رہے ہیں۔