سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’منگل کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 792 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 467 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید سات مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 711 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد چھ ہزار 668 ہو گئی ہے، جن میں سے 846 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 363 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 154 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
شرقیہ ریجن میں 112، عسیر ریجن میں 24، القصیم ریجن میں 22، مدینہ ریجن میں 22، حائل ریجن میں 21، جازان ریجن میں 20، تبوک ریجن میں 16، نجران ریجن میں گیارہ، الجوف ریجن میں دس ، الحدود الشمالیہ میں نو، جبکہ الباحہ ریجن میں آٹھ مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک تین لاکھ 94 ہزار169 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے تین لاکھ 80 ہزار 772 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘