’پی آئی اے کا بحرین کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان‘
’پی آئی اے کا بحرین کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان‘
منگل 13 اپریل 2021 12:45
پی آئی اے بحرین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن کا آغاز 7 مئی سے کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بحرین کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے ہفتہ وار دو پروازیں بحرین کے لیے چلائی جائیں گی۔ پی آئی اے بحرین کے لیے براہ راست فضائی آپریشن کا آغاز 7 مئی سے کرے گی۔
اسلام آباد اور لاہور سے ہفتے اور اتوار کو بحرین کے لیے پروازیں شیڈول کی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’بحرین کے لیے براہ راست پروازیں منافع بخش روٹس پر فضائی آپریشن کو وسعت دینے کے منصوبے کا حصہ ہیں جس سے نہ صرف مسافروں کو سہولت فراہم ہوں گی بلکہ سرکاری فضائی کمپنی کے ریونیو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔‘
پی آئی اے دیگر کن روٹس پر کام کر رہا ہے؟
پی آئی اے حکام کے مطابق ’پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی مشرق وسطیٰ سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے نئے روٹس کے لیے فضائی آپریشن کو بڑھانے جا رہی ہے جن میں سعودی عرب کے روٹس بھی شامل ہیں۔‘
پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے القصیم کے بعد طائف اور ابہا کے لیے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’سعودی حکومت نے القصیم کے لیے لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلانے کی اجازت دے رکھی ہے تاہم وہاں فضائی آپریشن پر عائد جزوی پابندیوں کے باعث القصیم کے لیے پروازیں نہیں چلائی جا رہیں۔‘
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے القصیم کے علاوہ سعودی عرب کے شہر طائف کے لیے بھی پروازیں چلانے کی درخواست دی ہے۔ لاہور اور اسلام آباد سے طائف کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق چین کے شہر شیان کے لیے بھی پروازیں چلانے کا منصوبہ تیار ہے اور مئی سے ان پروازوں کا آغاز ہوجائے گا۔ پی آئی اے چین کے شہر شیان کے لیے اسلام آباد سے پروازوں کا آغاز کرے گی۔
وسطی ایشیائی ممالک میں فضائی آپریشن کو وسعت دیتے ہوئے پی آئی اے نے باکو کے لیے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ تاشقند اور بشکک کے لیے بھی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق ’پاکستان سے افغانستان کے لیے بھی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔‘