’حوثی ملیشیا کے حملوں نے کشیدگی کو بڑھا دیا‘
منظم دہشت گردی عالمی قوانین و اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔(فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط میں شہریوں اور شہری اہداف کو دانستہ اور منظم طریقے سے بموں سے لیس ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق وزارت امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون کی طرف سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ ’حوثی ملیشیا کی جانب سے منظم دہشت گردی عالمی قوانین و اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے‘۔
وزارت نے کہا کہ ’ایسے متواتر حملوں سے سعودی عرب کی سلامتی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، عالمی برادی اس کے خلاف فوری اور فیصلہ کن موقف اختیار کرے‘۔
بیان میں کہا گیا’ ایسے حملوں نے حالیہ دنوں میں کشیدگی کو بڑھا دیا ہے جوکہ خطے کی سلامتی و استحکام کو حوثی ملیشیا کی طرف سے لاحق خطرات کے ثبوت و شواہد کا نیا سلسلہ بھی ہے‘۔
وزارت نے’ امارات کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی و استحکام کا لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف غیرمتزلزل عزم و حمایت کا اعادہ کیا‘۔
سعودی عرب کی جانب سے اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی حفاظت اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے کیے جانے والے کسی بھی اقدام کی مکمل حمایت بھی کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہیں، سعودی عرب کو لاحق خطرہ عرب امارات کی سلامتی و استحکام کے خلاف تصور کیا جاتا ہے‘۔