Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکائی نیوز عربیہ کے رپورٹر پر اسرائیلی پولیس کا حملہ

رپورٹر نے شیخ جرح پولیس چوکی کے قریب کار پر حملہ دکھانے کی کوشش کی۔ (فوٹو عربیہ)
اسرائیلی پولیس نے گذشتہ روز اتوار کو سکائی نیوز عربیہ کے ایک رپورٹر پر اس وقت حملہ کردیا جب اس رپورٹر نے بیت المقدس کے قریبی علاقے شیخ جرح میں پولیس کی جانب سےایک چوکی کے قریب کار پر حملے کو دکھانے کی کوشش کی۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ایک فلسطینی نوجوان کو اس وقت ہلاک کر دیا تھا  جب اس نے شیخ جرح میں واقع ایک چوکی پر چار پولیس والوں پر کار چڑھانے کی کوشش کی، یہ علاقہ حالیہ تناؤ کا مرکز بنا ہواہے۔

شیخ جرح سے فلسطینی خاندانوں کو بے دخل کرنے کا اسرائیلی منصوبہ ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

سکائی نیوز عربیہ کے عملہ نے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ پر فلم بندی کرتے ہوئے سکائی نیوز کے نمائندے فراز لطفی پر پولیس نے حملہ  کر دیا  اور نمائندے کا کیمرہ توڑنے کی بھی کوشش کی۔
اس موقع پر فراز لطفی نے بتایا ہے کہ پولیس نے مجھے مارا پیٹا اور میرا کیمرہ توڑنے کی کوشش کی تاکہ ہمیں کوریج سے روکا جاسکے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ہم اس واقعے کی براہ راست تصاویر منتقل کرنے اور کوریج  مکمل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

​بیت القمدس کے قریب شیخ جرح کا علاقہ حالیہ تناؤ کا مرکز بنا ہواہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

اس واقع  کے فورا بعد ہی پولیس افسران رپورٹر فراز لطفی کے پیچھے بھاگتے، تشدد  کرتے اور اسے دھکیلتے ہوئے دیکھے گئے اس کے علاوہ کیمرے سے فوٹیج بنانے پر ایک افسر نے اپنے ہاتھ سے اسے روکنے کی کوشش بھی کی۔
اسرائیلی پولیس نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کار حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد علاقہ سیل کردیا گیا ہے۔

رپورٹر اور کیمرہ مین براہ راست کوریج مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

واضح رہے گذشتہ ماہ فلسطینیوں اور اسرائیلی افواج کے مابین اسی علاقے میں جھڑپیں شروع ہوئی تھیں جب اسرائیل نے یہودی آباد کاروں کے لئے راستہ بنانے کے لئے شیخ جرح کے علاقے میں مقیم فلسطینی خاندانوں کو بے دخل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
یہاں سے شروع ہونے والا احتجاج مسجد اقصیٰ تک پھیل گیا جس کے بعد غزہ میں اسرائیلی افواج اور حماس کے مابین فائرنگ کے تبادلے کا آغاز ہوا۔
 

شیئر: