جب بھی منگنی یا بات پکی ہوگی، سب کو بتاؤں گی: جنت مرزا
جنت مرزا کے ٹک ٹاک پر تقریباً ساٹھ لاکھ فالوورز ہیں (فوٹو: انسٹاگرام جنت مرزا)
جنت مرزا کا شمار پاکستان کے ان مشہور ٹک ٹاکرز میں ہوتا ہے جن کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ بیک گراؤنڈ میں چلتے میوزک کے ساتھ ڈائیلاگز ادا کرتی ویڈیوز چند ہی منٹوں میں کئی لاکھ افراد دیکھ لیتے ہیں۔
کسی فلم کے ڈائیلاگ ہوں، مزاحیہ ویڈیوز یا جنت مرزا کی روپ بدلنے والی ویڈیوز سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی پسند کی جاتی ہیں۔
گذشتہ کچھ دنوں سے جنت مرزا کی عمر بٹ سے منگنی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں تاہم جنت مرزا کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی ہے۔ نہ صرف جنت مرزا بلکہ عمر بٹ نے بھی انسٹا گرام سٹوری میں اپنی جنت مرزا کے ساتھ منگنی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سٹوری اپ لوڈ کرتے ہوئے منگنی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے جنت مرزا نے لکھا کہ ’جب بھی منگنی یا بات پکی ہوگی تو میں اپنے تمام مداحوں کو ضرور بتاؤں گی لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہے۔‘
جنت مرزا کے ٹک ٹاک پر تقریباً ساٹھ لاکھ فالوورز ہیں۔ مسحور کرنے والے ڈائیلاگز، سلو موشنز کی وجہ سے جنت نے ایک سال میں ہی ٹک ٹاک پر 50 ہزار فالورز حاصل کر لیے تھے۔
واضح رہے کہ جنت مرزا سید نور کی ایک فلم میں کام کر رہی ہیں جس کی 80 فیصد شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ فلم میں جنت مرزا کی ماں کا کردار صائمہ علی ادا کر رہی ہیں۔
ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران جنت مرزا نے بالی وڈ میں کام کرنے کی آفر کا انکشاف کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو بالی وڈ میں انڈیا کے مشہور اداکار کارتک آریان کے ساتھ کام کی کرنے کی پیش کش ہوئی تھی۔ تاہم اُنھوں نے اس آفر کو قبول نہیں کیا۔