جدہ، الشرقیہ اور حائل میونسپلٹی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں
جدہ میونسپلٹی کی تفتیشی مہم کے دوران 153 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جدہ، مکہ ،الشرقیہ اور حائل میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کئی تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔
الشرقیہ میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی سے متعلق 23 رپورٹوں پر کارروائی کرتے ہوئے 8 تجارتی ادارے سیل کیے۔
انسپکٹرز نے تجارتی مراکز، بازاروں اور دکانوں پر ایک ہزار 634 چھاپے بھی مارے، اس دوران 68 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الشرقیہ میونسپلٹی نے بتایا کہ بیشتر خلاف ورزیاں توکلنا ایپ، بھیڑ بھاڑ اور مقررہ حفاظتی تدابیرکی پابندی نہ کرنے سے متعلق تھیں۔
حائل میونسپلٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آنے پر 95 تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے مختلف خلاف ورزیوں پر چھ تجارتی ادارے سیل کیے ہیں۔
جدہ میونسپلٹی اور اس کے ماتحت بلدیاتی کونسلوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 53 تجارتی ادارے سیل کردیے۔
جدہ میونسپلٹی نے بتایا کہ 19 ذیلی بلدیاتی کونسلوں اور 15 بڑی بلدیاتی کونسلوں میں تفتیشی مہم کے دوران 153 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔
سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کی جارہی تھی۔ حفاظتی ماسک صحیح طریقے سے نہیں لگایا گیا تھا جبکہ گاہکوں کا درجہ حرارت چیک کیے بغیر انہیں تجارتی مراکز میں آنے کی اجازت دی جارہی تھی۔