سینیٹائزنگ کے بعد 7 شہروں کی 22 مساجد کھول دی گئیں
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مساجد آنے والے ضوابط کا خیال رکھیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے سات علاقوں میں 22 مساجد کو سینیٹائز کرکے انہیں دوبارہ کھول دیا گیا-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق گزشتہ 117 روز کے دوران 1483 مساجد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پرانہیں عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا-
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ جمعرات کو جو 22 مساجد بحال کی گئی ہیں انہیں 22 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے پر عارضی بنیادوں پر بند کیا گیا تھا-
وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ آج جن بائیس مساجد کو بحال کیا گیا ہے ان میں سے 8 مکہ مکرمہ ریجن، 5 جازان ریجن، 3 باحہ ریجن، 2، دو الشرقیہ اور ریاض ریجنوں اور ایک، ایک القصیم اور حدود شمالیہ ریجنز کی تھیں-
وزارت اسلامی امور نے نمازیوں اور مساجد کے منتظمین کو تاکید کی کہ وہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے مساجد آتے وقت حفاظتی ماسک کا استعمال کریں جانماز ہمراہ لائیں اور سماجی فاصلے کا احترام کریں-