مدینہ منورہ میں بلدیہ کی کارروائیاں جاری
خلاف ورزیوں پر6 ماہ میں سیکڑوں دکانیں سیل کی گئیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مدینہ منورہ میونسپلٹی نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران مختلف خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آنے پر 316 تجارتی ادارے سیل کردیے-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے 30598 تفتیشی دورے کیے تھے- ان میں سے 17370 صحت اداروں، 13154 تجارتی اداروں اور 58 سپورٹس کلب کے کیے گئے تھے-
مدینہ میونسپلٹی نے بیان جاری کرکے بتایا کہ ہمارے انسپکٹرز نے تمام اداروں کے ذمہ داران کو تاکید کی کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں۔ اس حوالے سے معمولی لاپروائی بھی قبول نہیں کی جائے گی-
مدینہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ حفظان صحت اور بلدیاتی کونسلوں کے قوانین کی خلاف ورزیوں پر 3520 جرمانے کیے گئے- 316 تجارتی ادارے سیل کیے گئے جبکہ 4806 لٹر سیال اشیا، 118370 کلو گرام کھانے کا سامان اور 6052 کھانے پینے کی اشیا کے ڈبے ضبط کیے گئے-
مدینہ بلدیہ کا کہنا ہے کہ خلاف ورزیاں متعدد قسم کی تھیں- 547 کا تعلق ضروری انتظامات میں لاپروائی، 614 کا صفائی نظام میں خرابی اور 409 کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ نہ بنوانے یا توسیع نہ کرانے سے تھا-