بنی گالہ میں کرکٹ گراؤنڈ، ’پہلے وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بنائی جائے‘
ٹوئٹر صارف محمد اعجاز نے لکھا کہ ’ایک صحت مند قوم کے لیے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔‘ فوٹو: عمران خان ٹوئٹر
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ کے قریب مقامی رہائشیوں کے لیے کرکٹ گراونڈ بنانے کا علان کیا ہے اور اس گراؤنڈ کا دورہ کر کے ابتدائی کام کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
سنیچر کو وزیراعظم کی جانب سے ٹوئٹر پر اس گراؤنڈ کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کہیں تو اس کی تحسین کر رہے ہیں اور کئی ایسے بھی ہیں جو ملک کے چھوٹے شہروں اور دیہات میں کھیلوں کی سہولیات کی عدم دستیابی پر تنقید کر رہے ہیں۔
عمران خان نے لکھا کہ ’بنی گالہ کے نوجوانوں کے لیے ہم ایک کرکٹ گراؤنڈ تیار کروا رہے ہیں اور ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان مہیا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔‘
وزیراعظم کی اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارف پرویز میمن اپنے خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ ’کیا یہ ترجیح ہے؟ میرے خیال میں بنی گالہ کے نوجوانوں کے لیے کالج کا بننا زیادہ ضروری ہے۔‘
ٹوئٹر صارف محمد اعجاز نے لکھا کہ ’ایک صحت مند قوم کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔‘
وزیراعظم کے فوکل پرسن ارسلان خالد نے ٹویٹ کیا کہ ’کورنگ نالہ، بنی گالہ میں یہ کرکٹ گراؤنڈ مقامی نوجوانوں کے لیے بنوا رہے ہیں۔ وزیراعظم کا ویژ ن ہے کہ پورے ملک میں نوجوانوں کے لیے جہاں جہاں سرکاری اراضی کو نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدانوں اور پارکوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، فورا کیا جائے۔‘
فریال خان اس موضوع پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’سر، ان کرکٹ، فٹ بال گراؤنڈ بنانے پر جو کروڑوں اربوں لگتے ہیں۔ کیا ہی بہتر ہوتا وہ پیسے تعلیم،صحت پر لگتے۔‘
سینکڑوں سوشل میڈیا صارفین نے وزیراعظم کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں کھیلوں کے میدان بنانے کا مطالبہ کیا۔
کرکٹ گراونڈ کی تعمیر پر دازئی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے کھا گیا کہ ’سب کچھ بنی گالہ میں ہی بنا دیں، جیسے شریف نے سب کچھ لاہور میں بنایا تھا۔‘
زیادہ آبادی والے شہروں میں گراونڈ کی کمی کے کی نشاندہی کرتے ہوئے صارف ذیشان احمد نے کہا کہ ’بنی گالہ کی آبادی کتنی ہے؟ اور کتنے ایسے گاؤں ہیں جہاں کی آبادی بنی گالہ سے زیادہ ہونے کے باوجود وہاں کھلینے کے لیے گروانڈ نہیں ہیں۔‘
وجیہ یوسفزئی نے عمران خان کو ان کا ایک پرانا وعدہ یاد دلاتے ہوئے لکھا کہ ’پہلے ان نوجوانوں کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بنائی جائے۔‘