Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں پاکستانیوں کو قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے موبائل ایپ

متحدہ عرب امارات میں ڈیڑھ ملین سے زائد پاکستانی مقیم ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے وہاں مقیم پاکستانیوں کو قونصلز خدمات کی فراہمی کے لیے موبائل ایپلیکیشن جاری کی گئی ہے۔
پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے بدھ کے روز موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کیا۔
نئی متعارف کردہ ایپلیکیشن کے ذریعے امارات میں مقیم پاکستانیوں کو تمام قونصلر اور ویلفیئر خدمات بشمول دستاویزات کی تصدیق، ویزہ درخواستوں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ، میتوں کی منتقلی، قانونی مشاورت اور دیگر تک رسائی دی گئی ہے۔
ایپ کے افتتاح کے موقع پر پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی کا کہنا تھا کہ ’موبائل ایپلیکیشن کو ڈیزائن کرتے وقت اس کے استعمال میں سہولت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اب یہاں مقیم پاکستانی قونصلر سروس کے لیے ایپ کے ذریعے وقت لے سکتے ہیں، ضروری کاغذات اور فیس وغیرہ کے متعلق بھی جان سکتے ہیں۔‘
’ایپلیکیشن کے ذریعے قونصلر خدمات کے لیے وقت لینے، ضروری دستاویزات اور فیس کی معلومات کے لیے اب انہیں خود قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔‘
قونصل جنرل کے مطابق امارات کے دیگر حصوں میں بہت سے پاکستانی مقیم ہیں، اس سہولت کے ذریعے وہ اپنے رہائشی مقامات پر رہتے ہوئے سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے جاب لیٹر کی تصدیق اور پاکستانیوں کے لیے اماراتی ویزے کی تصدیق بھی ہو سکے گی۔
پاکستان میں زمینوں کے تنازعات سے متعلق معلومات، عائلی مسائل اور دیگر حکومتی اداروں سے متعلق معلومات بھی ایپ کے ذریعے حاصل کی جا سکیں گی۔
پاکستانی قونصل خانے کے مطابق موبائل ایپلیکیشن کا لنک آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہے جہاں سے اسے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے دو روز قبل ٹوئٹر پر یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’ایف ایم پورٹل‘ فعال کر دیا گیا ہے۔

وزیرخارجہ کے اکاؤنٹ سے کی گئی ٹویٹ میں سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ ’ایم ایف پورٹل جدہ، دبئی، بارسلونا، لندن اور نیویارک کے لیے دستیاب ہے، جلد تمام سفارتی مشنز کے لیے مہیا کر دیا جائے گا۔‘

شیئر: