خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان
پی آئی اے کے مطابق ضرورت کو دیکھتے ہوئے مزید پروازیں بھی کی جا سکتی ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے نے فوری طور پر پروازوں کا اعلان کیا ہے۔
وزیر ہوابازی کی ہدایات پر سی ای او پی ائی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر خلیجی ممالک پروازیں بھیجنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
جمعہ کے روز کیے گئے اعلان میں پی آئی اے کا کہنا ہے کہ نجی ائیرلائنز کی جانب سے آخری وقت پر پروازیں منسوخ کرنے کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی خلیجی ممالک میں پھنس گئے ہیں۔
پی آئی اے کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو عید سے قبل واپس لانے کے انتظامات کے تحت دوحہ سے پاکستان کے لیے چار بوئنگ 777 پروازیں کی جائیں گی، نشستوں کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے مزید دو پروازیں اگلے ایک دو روز تک لگائی جا سکتی ہی۔
پی آئی اے کے مطابق بحرین کے لیے ائیر بس جہازوں کی جگہ بوئنگ 777 متبادل پرواز کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ائیر بس کے مقابلے میں بوئنگ 777 طیارے تین گنا زائد گنجائش رکھتے ہیں۔
سی ای او پی ائی اے کے مطابق ’خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کی ضرورت کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں۔ جتنی تعداد میں پروازوں کی ضرورت پڑی مانگ کے حساب سے وہ لگا دی جائیں گی۔‘
جمعہ کو سامنے آنے والے بیان میں سی ای او ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ’غیر ملکی ائیرلائنز کے برعکس ہم اپنے ہم وطنوں کو دیار غیر میں بےیارو مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔‘