عمان کی پاکستان، انڈیا سمیت 24 ممالک سے سفر پر پابندی
جمعرات 8 جولائی 2021 16:34
عمان کی تقریباً 40 فیصد آبادی تارکین وطن پر مشتمل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عمان نے پاکستان اور انڈیا سمیت 24 ملکوں سے مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عمان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے جمعرات کو کہا ہے کہ پابندی کی فہرست میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، گھانا، تیونس، برطانیہ، لبنان، برونائی، انڈونیشیا، ایتھوپیا، ارجنٹائن، ایران، برازیل، سوڈان، عراق، فلپائن، سنگاپور، جنوبی افریقہ، تنزانیہ، کولمبیا، نائجیریا، لیبیا، گیانا اور سیرا لیون شامل ہیں۔
پروازوں پر پابندی کا مقصد عمان کی سرحدوں میں وائرس کو داخل ہونے سے روکنا ہے کیونکہ پابندی کی فہرست میں شامل تمام ممالک وائرس کی نئی قسم جو بہت زیادہ پھیلتی ہے، سے نبرد آزما ہیں۔
عمان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ہر ایک کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 24 ممالک سے سلطنت میں آمد کو اگلے نوٹس تک معطل کردیا گیا ہے۔‘
50 لاکھ کی آبادی والے ملک میں کورونا وائرس کے 18 سو 24 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے کیسز کی مجموعہ تعداد دو لاکھ 78 ہزار 560 ہو گئی ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 33 سو سے زائد ہے۔
عمان کی تقریباً 40 فیصد آبادی تارکین وطن پر مشتمل ہیں جن میں زیادہ تر انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور دوسرے ممالک سے آنے والے شامل ہیں، جو سفری پابندی کی لسٹ میں ہیں۔