سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے صارفین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے اکاؤنٹ کو زیادہ سے زیادہ لوگ فالو کریں۔ زیادہ فالورز حاصل کرنے یا اکاؤنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے بہت سارے لوگ اپنے اکاؤنٹ کو پیشہ ورانہ اکاؤنٹ میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔
ٹوئٹر ایک مقبول سماجی پلیٹ فارم ہے، اس کے استعمال کرنے والوں کی تعداد سنہ 2020 میں 18 کروڑ 60 لاکھ صارفین سے تجاوز کر گئی ہے۔
حال ہی میں ٹوئٹر نے اکاؤنٹ کی تصدیق کرنے کے طریقہ کار کا ازسر نو جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹوئٹر کی شرائط کو پورا کر کے آپ اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کروا سکتے ہیں۔
اکاؤنٹ کی تصدیق کا کیا مطلب ہے؟
ٹوئٹر اکاؤنٹ کی تصدیق کا مطلب صرف ’بلیو ٹِک‘ حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اکاؤنٹ حقیقی، قابل اعتماد اور عوام کے لیے دلچسپی کا حامل ہے، اور یہ کہ اکاؤنٹ اپنے فالورز کو درست معلومات مہیا کرتا ہے۔
اس بات کی بھی یقین دہانی کی جاتی ہے کہ صارفین کو اس اکاؤنٹ سے کوئی وائرس زدہ یا ٹوئٹر کی پالیسی کے خلاف کوئی پیغام تو نہیں بھجوایا گیا یا نہیں بھیجا جاتا۔ ٹوئٹر یہ بھی نشاندہی کرتا ہے کہ متعلقہ اکاؤنٹ حق اشاعت کے قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کرتا۔
ٹوئٹر نے اکاؤنٹ کی توثیق کے نئے معیارات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی چھ قسم کے اکاؤنٹس کی تصدیق کرے گی۔
ان میں کمپنیاں، برانڈز یا تنظیمیں، تفریحی شعبے بشمول ڈیجیٹل پیشہ ور افراد، نیوز تنظیمیں اور صحافی، کھیلوں سے متعلق، سرکاری اور سیاسی شخصیات، کارکنان، منتظمین اور دیگر بااثر افراد کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ سنہ 2022 کے آخر میں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کے اکاؤنٹس کی تصدیق کا بھی طریقہ کار واضح کیا جائے گا۔ ان میں ماہرین تعلیم، سکالرز اور مذہبی رہنما شامل ہیں
تصدیق کاطریقہ کار
جدید پالیسی کے مطابق ’مکمل اکاؤنٹ‘ کی نئی تعریف وضع کی گئی ہے۔
اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ای میل پتہ یا فون نمبر، پروفائل تصویر اور نام ظاہر کرنا لازمی ہے۔ پچھلے چھ مہینوں میں اکاؤنٹ میں سائن ان ہونا بھی لازمی ہے جبکہ پچھلے بارہ مہینوں سے اکاؤنٹ بند نہ کیا گیا ہو۔
ٹوئٹر پر کسی اکاؤنٹ کی تصدیق کیسے کریں
- ترتیبات اور رازداری کے مینو پر جائیں۔
- اکاؤنٹ کی معلومات والے ٹیب پر کلک کریں۔
- درخواست کی توثیق پر جائیں۔
- پھر مینوکی درخواست پر کلک کریں۔
مذکورہ بالا چار اقدامات کرنے کے بعد اپنی درخواست نظرثانی کے لیے پیش کرنے کے لیے ہدایات پر عمل کریں۔
ٹوئٹر کے مطابق اس کے بعد عملے کے ذریعے درخواستوں کا جائزہ لے گا۔ کچھ خودکار طریقہ کار کی مدد سے اکاؤنٹ کی ساکھ کا اندازہ لگائیں گے۔ اگر اکاؤنٹ مطلوبہ معیارات پر پورا نہیں اترتا ہے تو کمپنی کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ اکاؤنٹ کو ’بلیو ٹِک‘ دینے سے انکار کر دے۔