مطاف میں سماجی فاصلے کے سٹیکرز کی از سر نو ترتیب
منگل 13 جولائی 2021 13:43
’صحن میں 25 راہوں، زمینی منزل پر 4 اور پہلی منزل پر 5 راہوں پر سٹیکرز لگائے گئے ہیں‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
مسجد الحرام میں صحن طواف، زمینی منزل اور پہلی منزل میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی سٹیکروں کو نئی ترتیب سے لگا دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سماجی فاصلے کے سٹیکروں کی نئی ترتیب میں عازمین کی تعداد کے تناسب کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔
حرمین انتظامیہ کے تحت ہجوم کو منظم کرنے کے شعبے کے ڈائریکٹر انجینئر اسامہ بن منصور الحجیلی نے کہا ہے کہ ’مطاف کے صحن میں 25 راہوں، زمینی منزل پر 4 راہوں اور پہلی منزل پر 5 راہوں پر مذکورہ سٹیکرز لگائے گئے ہیں‘۔
’ علاوہ ازیں طواف کے بعد دو رکعات نفل کے مقام پر، شاہ فہد توسیع کے مصلوں اور اور معذور افراد کے راستوں کی تخصیص کے لیے بھی سٹیکرز چسپاں کر دیئے گئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’انتظامیہ عازمین کی سلامتی کے لیے ان اقدامات کے ذریعے جسمانی دوری کو یقینی بنانے کی خواہاں ہے‘۔