لبنان سے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیل کی گولہ باری
منگل 20 جولائی 2021 15:06
لبنان کی فوج نے بتایا کہ اسرائیل نے وادی حمول کے علاقے پر 12 آرٹلری شیل فائر کیے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی آرٹلری نے لبنان کی جانب سے اسرائیلی حدود پر دو راکٹ فائر ہونے کے بعد منگل کی صبح جنوبی لبنان پر گولہ باری کی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی دفاع نے راکٹوں میں سے ایک کو روک لیا اور دوسرا کھلے علاقے میں گر گیا۔ کسی کے زخمی ہونے یا نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کا کہنا ہے کہ اس کے ریڈار نے دریافت کیا کہ صبح چار بجے سے قبل جنوبی لبنان سے اسرائیل کی طرف راکٹ فائر کیے گئے تھے، اس کے بعد اسرائیلی آرٹلری نے لبنان کی طرف فائر کیا۔
اس حوالے سے لبنان کی فوج نے بتایا کہ اسرائیل نے وادی حمول کے علاقے پر 12 آرٹلری شیل فائر کیے، جس سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ فوج نے بتایا کہ وہاں موجود اس کے یونٹوں کو گراڈ راکٹوں کے تین لانچنگ پیڈز ملے ہیں۔
لبنان سے راکٹ فائر مئی کے بعد سے سرحد پار سے ہونے والا یہ پہلا واقعہ ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان 11 روزہ جنگ کے دوران فلسطینی عسکریت پسندوں نے اسرائیل پر راکٹ فائر کیے تھے۔
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان رات کو ہونے والے راکٹ فائر کا ذمہ دار ہے اور ’اسرائیل اپنی خود مختاری اور اپنے شہریوں کے لیے کسی بھی خطرے کے خلاف کارروائی کرے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم لبنان میں سماجی، سیاسی اور معاشی بحران کو اسرائیل کے لیے سلامتی کے خطرہ میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔‘
لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر ہونے والے اس واقعے سے قبل شام کے ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل نے شام کے شمالی شہر حلب کے قریب فضائی حملے کیے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ فضائی دفاع نے حملے میں زیادہ تر میزائلوں کو روک دیا۔