کورونا کے ایک ہزار 379 نئے مریض، ایکٹیو کیسز گیارہ ہزار سے بڑھ گئے
منگل 27 جولائی 2021 16:52
اب تک پانچ لاکھ 20 ہزار افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں منگل 27 جولائی کو کورونا کے ایک ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد گیارہ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
منگل کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 379 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 21 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 10 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 189 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 136 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 419 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 273 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 242 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
الشرقیہ ریجن میں 224، عسیر ریجن میں 154، جازان ریجن میں 117، القصیم ریجن میں 104، مدینہ ریجن میں 62، نجران ریجن میں 57، الحدود الشمالیہ میں 40 ،حائل ریجن میں 49، تبوک ریجن میں 32، الباحہ ریجن میں 21 اور الجوف ریجن میں 4 مریض سامنے آ ئے ہیں۔
اب تک پانچ لاکھ 20 ہزار 774 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے پانچ لاکھ ایک ہزار 449 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘