Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ نے سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی کی تنظیم کی منظوری دیدی

’سعودی کابینہ نے تیونس کے امن واستحکام کو قائم رکھنے پر زور دیا ہے۔‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ہفتہ وار کابینہ اجلاس میں متعدد ملکی اور بین الاقوامی امور اور معاملات پر غور کرنے کے بعد اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
اجلاس کے آغاز میں خادم حرمین شریفین نے کامیاب حج منصوبے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے حجاج کو بہترین سہولتیں اور ڈیجیٹل سروسز فراہم کرکے انتہائی محفوظ حج کا موقع فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کابینہ ارکان کو گذشتہ دنوں مختلف ممالک کے سربراہان سے ہونے والے رابطوں اور ان سے برآمد ہونے والے نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔
سعودی کابینہ نے تیونس کے امن واستحکام کو قائم رکھنے پر زور دیا اور یقین دلایا کہ سعودی حکومت برادر تیونسی عوام کے ساتھ ہے نیز عالمی برادری کو بھی کورونا کے انسداد اور صحت خدمات کی فراہمی پر تیونس کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
کابینہ نے متعدد برادر ملکوں کو کورونا کے انسداد کے لیے ارسال کی جانے والی طبی امداد پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کابینہ نے ایران نواز حوثی ملیشیا کی طرف سے بحیرہ احمر میں تجارتی گزرگاہ کو نشانہ بنانے اور اسے غیر محفوظ بنانے کے اقدامات کی مذمت کی ہے۔

’کامیاب حج منصوبے پر کابینہ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔‘ ( فوٹو: واس)

سعودی کابینہ نے ملک میں کورونا کے انسداد کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا نیز ویکسین کا عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو کروڑ 70 لاکھ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ویکسین لگانا ایک کارنامہ ہے۔
بعد ازاں کابینہ نے متعدد ملکی فیصلے کیے ہیں جن میں سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی کی تنظیم نو کی منظوری دی ہے۔
تجارتی جعلسازی کے انسداد کے لیے رائج قوانین کی شق 23 میں ترمیم کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ نے انٹرنیشنل ریڈیو کے ضابطوں میں ترمیم کی ابتدائی منظوری دیتے ہوئے وزیر خارجہ کو اس ضمن میں معاہدے پر دستخط کرنے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔

شیئر: