درخواستوں کی وصولی، ماہانہ 20 لاکھ افراد عمرہ کریں گے
درخواستوں کی وصولی، ماہانہ 20 لاکھ افراد عمرہ کریں گے
پیر 9 اگست 2021 18:04
بیرون ملک سے عمرہ درخواستوں کی وصولی شروع کردی گئی ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں حج و عمرہ و زیارۃ قومی کمپنی کے رکن ھانی العمیری نے کہا ہے کہ’ پیر 9 اگست سے ماہانہ 20 لاکھ افراد عمرہ کریں گے- مسجد الحرام میں عمرہ زائرین کی تعداد بڑھا دی گئی ہے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق انہو ں نے کہا کہ غمرہ زائرین کی تعداد بڑھانے کے فیصلے سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہوٹلوں، تجارتی مراکز’ ٹرانسپورٹ، ریستورانوں اور کاروبار میں اضافہ ہوگا‘۔
انہو ں نے بتایا کہ’ 130 عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے بیرون ملک سے عمرہ درخواستوں کی وصولی شروع کردی ہے۔ سعودی نوجوانو ں کو عمرہ زائرین کے استقبال کی تربیت دی گئی ہے‘۔
’ایئرپورٹ اور ہوٹلوں پر عمرہ زائرین کو کووڈ 19 سے بچاؤ کی تدابیر کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا‘۔
حج و عمرہ و زیارۃ قومی کمپنی کے رکن نے کہا کہ ’عمرے کے اجازت نامے اعتمرنا ایپ سے جاری ہوں گے۔ عمرہ کمپنیوں اور اداروں کے اہلکار عمرہ زائرین کو گروپوں کی شکل میں عمرے کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ اور سیاحت کے لیے تاریخی و ثقافتی و دینی مقامات پہنچائیں گے‘۔
العمیری نے کہا کہ’ بیرونی عمرہ کھلنے پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کے اطراف واقع ہوٹلوں اور ٹاورز میں 60 فیصد تک رہائشیوں کا اضافہ ہوگا‘۔
عمرہ، روضہ شریفہ میں نماز اور مقدس مساجد میں نماز کے لیے آنے والوں کو حرمین شریفین کے اطراف ہوٹلوں اور ٹاورز میں ٹھہرنے کی سہولت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اطراف ہوٹل اور ٹاورز بین الاقوامی معیار کے ہیں۔ سب نے کورونا ایس او پیز کی پابندی کے انتظامات کررکھے ہیں۔ چوبیس گھنٹے صفائی، سینیٹائزنگ، سماجی فاصلے اور ماسک وغیرہ کی پابندی ہوگی‘۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا تھا کہ یکم محرم سے مختلف ممالک سے عمرہ درخواستوں کی وصولی شروع کی جائے گی۔ روزانہ 8 شفٹوں میں 60 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے جاری ہوں گے۔
وزارت حج کا کہنا تھا کہ ’بیرونی عمرہ زائرین کو تدریجی طور پر ویزے جاری ہوں گے۔ انہیں عمرہ، زیارت، مسجد نبوی اور روضہ شریفہ میں نماز کے مواقع مہیا ہوں گے‘۔
انہو ں نے بتایا کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، نماز اور زیارت کے اجازت نامے جاری کیے جارہے ہیں اور کیے جاتے رہیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے محفوظ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پابندی لگائی گئی ہے کہ کسی بھی بس میں اس کی گنجائش سے پچاس فیصد تک ہی سواریوں کی اجازت ہوگی۔
ہر عمرہ زائر سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے ذریعے عمرہ اجازت نامے چیک کیے جائیں گے۔
انہو ں نے کہا کہ کدی اور الششہ سینٹر پر ٹرانسپورٹ سینٹرز تیار ہیں۔ اجیاد، باب علی اور الشبیکہ میں مسجدالحرام کے قریب استقبالیہ مراکز پر بھی تمام انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ان تمام مقامات پر اندرون و بیرون مملکت کے عمرہ زائرین کو ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔
مسجد الحرام میں داخلے کے اجازت نامے رکھنے والوں کو رضاکارانہ سروس کی فیس اعتمرنا اور توکلنا ایپ کے ذریعے جمع کرنے کی سہولت ہوگی۔
انہو ں نے مزید کہا کہ اندرون ملک سے عمرہ، مسجد نبوی کی زیارت ِ، مسجد الحرام میں نماز کے اجازت ناموں کے اجرا کے لیے ویکسین شرط ہے۔
بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو اپنے ملک کے سرکاری اداروں سے مصدقہ ویکسین سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ہوگا۔ اس بات کی پابندی بھی کرنا ہوگی کہ مملکت میں منظور کردہ کوئی ایک ویکسین لی گئی ہو۔
ایسے ممالک جہاں سے آمد پر پابندی لگی ہوئی ہے وہاں سے مملکت آنے والوں پر ہوٹل قرنطینہ کی پابندی لاگو ہوگی۔