گوگل میپ نے آئی فون پر تین نئے فیچرز متعارف کروا دیے
گوگل میپس کے ذریعے مطلوبہ مقام پر پہنچنے میں آسانی ہو جاتی ہے۔ (فوٹو: سیدیتی ڈاٹ نیٹ)
گوگل نے اپنے مقبول مرحلہ وار نیویگیشن اور میپنگ سافٹ ویئر کے لیے تین نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے۔
سعودی میگزین سیدیتی ڈاٹ نیٹ کے مطابق اگرچہ یہ آپ کے تجربے کو گوگل میپ کے ساتھ زیادہ تبدیل نہیں کریں گے لیکن اس کے ذریعے یقینی طور پر سفر کرنا تھوڑا آسان ہوجائے گا۔
گوگل کے مطابق میپس اب آئی میسج کے ساتھ ضم ہو جائیں گے تاکہ آپ اپنے ریئل ٹائم لوکیشن کو دوستوں اور خاندان کے ساتھ شیئر کر سکیں۔
یہ واقعی ایک فیچر ہے جو واٹس ایپ اور دیگر چیٹ ایپس میں پایا جاتا ہے لیکن یہ ایک بہت خوش آئند اضافہ ہے کہ تمام صارفین جب وہ گھرسے باہر ہوں تو اپنے آپ کو محفوظ محسوس کریں۔
آئی میسج ایپ میں گوگل میپس کے بٹن پر کلک کرنے سے آپ کی لوکیشن مطلوبہ کونٹیکٹ یا آپ کے منتخب کردہ گروپ کے ساتھ شیئر کی جا سکتی ہے۔
اس سے بڑھ کر یہ بھی کہ جیسے آپ سفر پر جاتے ہیں تو آپ کی لوکیشن اپڈیٹ ہو جاتی ہے اور آپ کا مطلوبہ کونٹیکٹ آپ کی نقل و حرکت ٹریک کر سکتا ہے۔
لوکیشن شیئرنگ ایک گھنٹے تک کام کر سکتا ہے لیکن آپ اسے تین دن تک بڑھا سکتے ہیں۔
نیا ٹریفک ویجیٹ آپ کی ہوم سکرین سے کسی علاقے میں ٹریفک کے بارے میں معلومات دکھاتا ہے۔ اس نئے ٹول سے آپ اپنے پسندیدہ مقامات کی تلاش بھی کر سکتے ہیں۔
اس کے لیے گوگل میپ کا تازہ ترین ورژن اپ ڈیٹ کرنا ہوگا اور تمام مراحل کا استعمال کرتے ہوئے نیا ٹول انسٹال کرنا ہوگا۔