ابوظبی میں شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے سفری ضابطہ کار اپ ڈیٹ
طریقہ کار پر اتوار 15 اگست سےعملدرآمد کیا جائے گا( فائل فوٹو وام)
ابوظبی کی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مقیم افراد اور بیرون ملک سے ابوظبی آنے والوں کےلیے سفری ضابطہ کار کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ’ اس طریقہ کار پر اتوار 15 اگست 2021 سے عملدرآمد کیا جائے گا‘۔
گرین لسٹ ممالک سے آنے والے ویکسین یافتہ افراد کو ابوظبی آمد پر بغیر قرنطینہ ہوئے لازمی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور پھر یہی ٹیسٹ چھٹے دن دہرانا ہوگا۔
دیگر مقامات سے ابوظبی آنے والوں کو بھی لازمی پی سی آر ٹیسٹ کرانا اور سات دن قرنطینہ میں رہنا ہوگا اور چھٹے دن پھر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
یہ پروٹوکول، الحصن ایپ پر ڈاکومنٹڈ ہے اور اس کا اطلاق مکمل ویکسین لگوانے والے اماراتی شہریوں، مقیم افراد اور سیاحوں پر ہوگا۔
گرین لسٹ مقامات سے آنے والے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں، مقیم افراد اور سیاحوں کو ابو ظبی آنے پر بغیر قرنطینہ لازمی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور پھر یہ ٹیسٹ چھٹے اور نویں دن دہرانا ہوگا۔
دیگر مقامات سے آنے والوں کو آمد پر لازمی پی سی آر ٹیسٹ، دس دن قرنطینہ اور نویں دن پھر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
علاوہ ازی بوظبی ایمرجنسی، کرائسزاینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے کہا ہے کہ 20 اگست سے صرف ان افراد کو ابوظہبی کے بعض عوامی مقامات پر جانے کی اجازت ہوگی جو ویکیسن کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔