جدہ: پولیس افسر کے سعودی قاتل کو سزائے موت
جمعرات 19 اگست 2021 20:28
ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا- (فوٹو اخبار 24)
سعودی حکام نے ایک پولیس افسر کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر مقامی شہری کو جمعرات کے روز جدہ میں سزائے موت دے دی-
ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان جاری کرکے کہا ہے کہ سعودی شہری عبدالعزیز بن سعود المالکی نے سیکیورٹی افسر ڈپٹی سارجنٹ عبداللہ بن مشاری السبیعی کو گھات لگا کر قتل کردیا تھا- اس نے السبیعی پر پے درپے چھری کے وار کیے تھے جس سے وہ جان کی بازی ہار گیا تھا- المالکی ایک دہشت گرد تنظیم کا حامی تھا-
وزارت داخلہ نے توجہ دلائی کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مفرور المالکی کو تلاش کرکے گرفتار کرلیا تھا- پوچھ گچھ کے بعد اس پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی- اسے سپیشلسٹ فوجداری عدالت کے حوالے کردیا گیا تھا- عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر المالکی کو (فساد فی الارض) ملک میں انارکی اور بدامنی پھیلانے والے جرم کی سزا سنائی تھی- عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ المالکی کو سرعام موت کی سزاد ی جائے-
اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے بھی فوجداری عدالت کے فیصلے کی توثیق کردی تھی آخر میں ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا-
وزارت داخلہ نے بیان ختم کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ جو شخص بھی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق کرنے کے جرم کا مرتکب ہوگا اسے نشان عبرت بنادیا جائے گا-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں