Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک اور ٹوئٹر کا افغان شہریوں کے اکاؤنٹس کو محفوظ کرنے کا اعلان

لنکڈ ان پر افغان صارفین کے اکاؤنٹس کو چھپا دیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
طالبان کے افغانستان پر قبضے کے پیش نظر سوشل میڈیا صارفین کو ممکنہ خطرے سے بچانے کے لیے فیس بک، ٹوئٹر اور لنکڈ ان نے کہا ہے کہ وہ افغان شہریوں کے اکاؤنٹس کو حفاظت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فیس بک کے سکیورٹی پالیسی کے سربراہ نیتھینیئل گلائچر نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ  ’فیس بک نے عارضی طور پر اس سہولت کو معطل کردیا ہے جس سے دیگر صارفین افغانستان میں موجود فیس بک صارفین کو فیس بک پر ڈھونڈ سکیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’فیس بک نے ’ایک کلک‘ سے استعمال والی ایک سہولت متعارف کروائی ہے جس سے افغانستان میں موجود صارفین اپنے اکاؤنٹ لاک کرسکتے ہیں۔ نتیجتاً افغانستان میں موجود صارفین ان افراد سے اپنی ٹائم لائن کی پوسٹس اور تصاویر چھپا سکتے ہیں جو ان کی فرینڈز لسٹ میں نہیں ہیں۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انسانی حقوق کے گروپس نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ طالبان سوشل میڈیا کے ذریعے افغان شہریوں کی معلومات نکال سکتے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا رواں ہفتے کہنا تھا کہ ماہرین تعلیم، صحافیوں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد سمیت ہزاروں افغان شہریوں کو طالبان کی جانب سے خطرہ ہے۔
افغان خواتین کی ساکر ٹیم کی سابق کپتان نے بھی کھلاڑیوں سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈلیٹ کرنے اور اپنی آن لائن شناخت مٹانے کی درخواست کی ہے۔
ٹوئٹر کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان میں گروپس کو مدد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حلقوں سے رابطے میں ہیں۔ ٹوئٹر انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ انٹرنیٹ آرکائیو نامی امریکی ڈیجیٹل لائبریری کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ محفوظ شدہ (آرکائیوڈ) ٹویٹس کو ہٹانے کی درخواستوں پرجلدی کام کیا جائے۔  
ٹوئٹر کا مزید کہنا تھا کہ اگر صارفین اپنے اکاؤنٹس پر پوسٹ ہونے والی وہ معلومات، جن سے انہیں خطرہ ہو سکتا ہے، تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے تو ٹوئٹر ان کا اکاؤنٹ عارضی طور پر معطل کر سکتا ہے۔ یہ اکاؤنٹس پھر اس وقت فعال کیے جائیں گے جب صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی دوبارہ حاصل کرلیں گے اور اپنا ممکنہ طور پر خطرناک مواد ڈلیٹ کر سکیں گے۔
ٹوئٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ حکومتی اداروں سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹس کی نگرانی کر رہے ہیں اور ممکن ہے کہ ان اکاؤنٹس کو عارضی طور پر معطل کردیا جائے جن کے صارفین نے اپنی شناخت کی تصدیق کرنے کے لیے مکمل معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
لنکڈ ان کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے افغانستان میں اپنے صارفین کے اکاؤنٹس چھپا دیے ہیں تاکہ دیگر صارفین انہیں نہ دیکھ سکیں۔

شیئر: