سعودی عرب میں دلکش فیروزی پانی اور رنگین چٹانوں کا سنگم حقل
سعودی عرب میں دلکش فیروزی پانی اور رنگین چٹانوں کا سنگم حقل
ہفتہ 28 اگست 2021 18:54
اس علاقے میں غوطہ خوری اور تیراکی کے لئے بہترین ساحل ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے شہر تبوک کے شمال مغربی علاقے حقل کا ساحل اپنےدلکش فیروزی پانی اور ساحل پر بکھری سفید ریت کے ساتھ منفرد آب و ہوا کی وجہ سے انتہائی دیدہ زیب منظر پیش کرتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہاں موجود رنگین چٹانیں اور خوبصورت پہاڑ بحیرہ احمر کے اس ساحلی علاقے کی خوبصورتی کو مزید ابھارتے ہیں۔
اس علاقے میں تفریحی کے لئے آنے والے سیاح خوبصورت ماحول میں پرسکون طریقے کے ساتھ سمندری سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے 24 جون کو سعودی سمر پروگرام شروع ہونے کے بعد سے حقل کے ساحل سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
یہ پروگرام تبوک سمیت گیارہ مقام پر 30 ستمبر تک جاری رہیں گے۔ ان مختلف پروگراموں میں نجی شعبے کے 250 سے زائد شراکت داروں کے ذریعے 500 سے زائد سیاحتی سرگرمیاں پیش کی جا رہی ہیں۔
حقل کا خوبصورت ساحل سمندر کے اندر مختلف سرگرمیوں جیسے رافٹنگ، تیراکی اورسمندر کے فیروزی پانی میں غوطہ خوری کے لئے ایک منفرد اور اہم مقام ہے۔ یہاں پر سلطانیہ ساحل حقل شہر سے تقریبا 42 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔
آپ یہاں پر پہنچنے کے بعد ساحل سمندر کے ساتھ ساتھ الوصل جزیرے کا نظارہ اور دورہ بھی کر سکتے ہیں۔یہ جزیرہ اپنی قدیم نوعیت کے لئے مشہور ہے۔
یہاں کی ایک خصوصیت اور دلکش منظر ساحل کے قریب سمندر میں موجود جارجیوس جی نامی بحری جہاز ہے جوکافی عرصہ قبل تیز ہوا کے باعث توازن کھو دینے سے یہاں نظر آتا ہےاس جہاز کو سعودی ٹائٹینک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
یہ کارگو جہاز 1978 سے یہاں موجود ہے جو جزوی طور پر ڈوبنے کے بعد یہاں سے ہٹایا نہیں گیا۔
حقل کے قریب ایک پارک بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے جسے پام گارڈن کے نام سے لوگ جانتے ہیں۔ یہ آس پاس کے علاقوں کے حیرت انگیز نظارے پیش کرتا ہے۔
کھجور کے درختوں سے بھرا یہ علاقہ فیملی کے ساتھ سیاحت کرنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔
اس علاقے میں شہزادہ فہد بن سلطان میری ٹائم گارڈن بھی ہے، جو اپنے آبی ذخائر، سبز جگہوں، واکنگ ٹریک اور بچوں کی دلچسپی کے لیے مختلف کھیلوں اور جھولوں کے ساتھ بہترین مناظر پیش کرتا ہے۔
یہاں پر موجود ام انعم پارک سے منسلک علاقے میں غوطہ خوری اور تیراکی کے لئے بہترین ساحل ہیں، جس سے حقل شہر سیاحوں اور فیملی کے ساتھ آنے والے تمام افراد کے لئے بہترین تفریح کا مرکز ثابت ہوتا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں