ابو ظبی نے تمام ویکسین شدہ مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی
ابو ظبی نے تمام ویکسین شدہ مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی
جمعرات 2 ستمبر 2021 14:44
گرین لسٹ سے باہر ممالک کے مسافروں کے لیے 10 روز تک قرنطینہ کرنا لازمی ہوگا (فوٹو روئٹرز)
ابوظبی نے تمام ممالک سے آنے والے ویکسین شدہ مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابو ظبی ایمرجنسی، کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے سفر کی شرائط اپ ڈیٹ کی ہیں۔
اس کا اطلاق اتوار 5 ستمبر سے ہو گا اور کسی بھی ملک سے آنے والے ویکسین شدہ مسافروں کو قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔ تاہم جن مسافروں کو ویکسین نہیں لگی اور ان کی ممالک کے نام ’گرین لسٹ‘ میں نہیں ہیں انہیں 10 روز تک قرنطینہ کرنا ہوگا۔
ابوظبی کا سفر شروع کرنے سے پہلے تمام ویکسین شدہ یا غیر ویکسین شدہ مسافروں کے پاس گذشتہ 48 گھنٹوں میں کروایا گیا منفی پی سی آر ٹیسٹ ہونا لازمی ہے۔
گرین لسٹ کے ویکسین شدہ مسافر
جو شہری، رہائشی اور سیاح گرین لسٹ میں شامل ممالک سے ابوظبی آئیں گے وہ آمد پر قرنطینہ کیے بغیر پی سی آر ٹیسٹ کروائیں گے۔ اگر وہ امارات میں مزید رہنا چاہتے ہیں تو انہیں چھٹے روز دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
دیگر ممالک کے مسافر
دیگر ممالک سے آنے والے ویکسین شدہ ممسافر قنطینہ کیے بغیر آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کروائیں گے۔ انہیں آمد کے بعد چوتھے اور آٹھویں روز بھی پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
گرین لسٹ ممالک کے غیر ویکسین شدہ مسافر
گرین لسٹ میں شامل ممالک کے غیر ویکسین شدہ مسافروں کے لیے آمد پر قرنطینہ کیے بغیر پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔ انہیں آمد کے بعد چھٹے اور نویں روز پھر پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
تمام ممالک سے آنے والے غیر ویکسین شدہ مسافر
دیگر ممالک سے آنے والے غیر ویکسین شدہ شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے بھی قرنطینہ کے بغیر آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔ انہیں نویں روز دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔